وہی باقی،جو مٹ گیا:اردو صوفی کلام میں بقا باللہ کی تعبیر
ڈاکٹر عرفان علی بشر( اسسٹنٹ پروفیسر)
سدھارتھ یونیورسٹی،کپل وستو سدھارتھ نگر، اتر پردیش
مضمون اردو صوفی شاعری میں انسان، حقیقت، تصوف اور عرفان کے فکری و معنوی تصورات کا گہرا مطالعہ پیش کرتا ہے۔ اس تحقیق کا بنیادی مقدمہ یہ ہے کہ تصوف اردو شاعری میں محض روحانی واردات یا باطنی کیفیت کا اظہار نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر فکری نظام ہے جو انسان کی اخلاقی تشکیل، روحانی بالیدگی اور سماجی شعور کو بیک وقت متحرک کرتا ہے۔ صوفی شعرا نے انسانی ذات کو محدود انانیت، مادی خواہشات اور خارجی تعصبات سے آزاد کر کے اسے ایک اعلیٰ اخلاقی اور کائناتی شعور سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی۔اس مضمون میں واضح کیا گیا ہے کہ اردو صوفی شاعری میں عشقِ حقیقی، فنا و بقا، معرفتِ ذات اور حقیقتِ مطلقہ جیسے تصورات علامت، استعارہ اور تمثیل کے ذریعے نہایت مؤثر انداز میں پیش ہوئے ہیں۔ یہ شاعری حقیقت کو کسی جامد یا مجرد تصور کے طور پر نہیں بلکہ ایک مسلسل روحانی جستجو، داخلی مکالمے اور اخلاقی امتحان کے طور پر دیکھتی ہے۔ صوفی شاعر کے نزدیک انسان کی اصل پہچان اس کے باطن، اس کے عمل اور اس کے رویّے سے متعین ہوتی ہے، نہ کہ ظاہری عبادات یا سماجی شناخت سے۔
تحقیق یہ بھی واضح کرتی ہے کہ تصوف دنیا سے کنارہ کشی نہیں سکھاتا بلکہ دنیا میں رہتے ہوئے باطن کی تطہیر، کردار کی اصلاح اور انسان دوستی کے فروغ پر زور دیتا ہے۔ اردو صوفی شاعری فرد اور سماج کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے محبت، رواداری، ایثار اور کائناتی ہم آہنگی جیسے آفاقی اقدار کو فروغ دیتی ہے۔ نتیجتاً یہ علمی تحریر یہ امر کو ثابت کرتا ہے کہ اردو کی صوفیانہ روایت ایک زندہ، بامعنی اور عصری اہمیت رکھنے والا فکری ورثہ ہے جو آج کے فکری انتشار اور اخلاقی بحران میں بھی انسان کو معنویت اور روحانی وقار عطا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔تصوف، اردو صوفی شاعری، عشقِ حقیقی، معرفتِ ذات، فنا و بقا، حقیقتِ مطلقہ، اخلاقی تشکیل، روحانی بالیدگی، انسان دوستی، علامت و استعارہ، باطن کی تطہیر، کائناتی ہم آہنگی، فکری نظام، روحانی شعورتصوّف، اسلامی روحانیت کا وہ بحرِ بیکراں ہے جو محض خدا کی تلاش کا نام نہیں، بلکہ اپنے باطن کی پہچان کا سفر بھی ہے۔ یہ ایک ایسا عرفانی راستہ ہے جہاں عقل کی محدودیت پسِ پشت رہ جاتی ہیں اور دل کی وسعتیں راہنمائی کرتی ہیں۔ صوفی فکر کے مطابق خدا کی طرف رجوع صرف عبادت یا علم حاصل کرنے کا عمل نہیں، بلکہ اپنی مکمل ذات کو مٹا دینے کا تقاضا ہے۔ صوفیا کا ماننا ہے کہ اصل حقیقت وہی ہے جو خالص اور غیر آلُودہ ہو، اور اس تک پہنچنے کے لیے انسان کو اپنی خودی، اپنی انا اور دنیاوی تعلقات کو خیر باد کہنا پڑتا ہے۔ جب انسان خود کو مکمل طور پر مٹا دیتا ہے تو جو حقیقت اس کے اندر باقی رہتی ہے، وہی ’’بقا‘‘ کہلاتی ہے۔
تصوف میں’’فنا‘‘کا مطلب صرف جسمانی یا ظاہری مٹاؤ نہیں بلکہ باطن کی اس کیفیت کا نام ہے جس میں انسان اپنی خواہشات، انا، اور خود پرستی سے آزاد ہو جاتا ہے۔ جب ایک بندہ فنا فی اللہ کی منزل پر پہنچتا ہے، یعنی اپنی ذات کو خدا میں گم کر دیتا ہے، تو وہ ایک نئی روحانی پہچان کے ساتھ دوبارہ ابھرتا ہے۔ یہی مرحلہ’’بقا باللہ‘‘کہلاتا ہے۔کتاب’’ تصوف اور شریعت مجدد الف ثانی کے افکار و مطالعہ‘‘ میں فنا اوربقا کے معنی و مفہوم کے بارے میں لکھا گیا ہے:
’’فنا کے لغوی معنی ہیں: فنا ہو جانا ،مٹ جانا، غائب ہو جانا اور بقا کے معنی ہیں باقی رہنا، قائم رہنا اور زندہ رہنا۔ تصوف کے سیاق میں فنا کا صلہ عام طور پر(عن) آتا ہے جس سے اس کے معنی کسی چیز کو بھول جانے یا اس کا شعور کھو دینے کے ہو جاتے ہیں۔اسی طرح بقا کا صلہ(ب) آتا ہے، جس سے اس کے معنی کسی چیزمیں مشغول ہو جانا اور اس میں یا اس کے سہارے زندہ رہنا ہے۔‘‘1؎
یہ بقا صرف ایک روحانی حالت نہیں، بلکہ انسانی شخصیت کی مکمل تشکیل نو ہے، جہاں ذات، کائنات، اور خالق کے درمیان حجاب اُٹھ جاتے ہیں اور باطن منور ہو جاتا ہے۔اس کا ایک اہم پہلو ’’وحدت الوجود‘‘ سے بھی جُڑا ہوا ہے یعنی یہ یقین کہ کائنات کی ہر شے میں خدا ہی کا ظہور ہے۔اس سلسلے میں ڈاکٹر حمیرہ جلیل لکھتی ہیں:
’’روح کی بصیرت جمال الٰہی کے مشاہدے میں اس طرح جذب ہو جائے کہ سوائے اللہ کے کچھ نظر نہ آئے۔۔یہاں سالک وحدت کو کثرت میں اور کثرت کو وحدت میں دیکھتا ہے۔ اس سے بلند مقام کوئی نہیں۔ ‘‘2؎
اس نظریے کے مطابق جب کوئی چیز فنا ہوتی ہے تو وہ غائب نہیں ہو جاتی بلکہ اصل وجود میں جذب ہو کر اس کا حصہ بن جاتی ہے۔ جیسے قطرہ سمندر میں گر کر فنا ہوتا ہے، مگر حقیقت میں وہی اس کی بقا ہے۔ مولانا روم، ابن عربی، اور اردو کے صوفی شعرا نے اس تصور کو علامتوں، استعاروں، اور تمثیلات کے ذریعے نہایت لطافت سے بیان کیا ہے۔یہ مرحلہ ہمیں اس فکری منظرنامے تک لے جاتا ہے جس پر اردو صوفی کلام کی روح سفر کرتی ہے۔ آئندہ مراحل میں ہم مختلف شعراء کے کلام کا مطالعہ کریں گے تاکہ فنا و بقا جیسے عمیق تصورات کو صرف سمجھا ہی نہ جائے بلکہ ان کی تاثیر کو محسوس بھی کیا جا سکے کیونکہ سچ یہی ہے کہ ’’ وہی باقی،جو مٹ گیا‘‘۔یہ صرف ایک خوش آہنگ جملہ یا شاعرانہ تخیل نہیں، بلکہ ایک گہری صوفیانہ حقیقت ہے۔ اردو کے صوفی شعراء نے اس فکر کو نہایت خوبی سے اپنے اشعار میں بیان کیا ہے۔ ان کے یہاں یہ فنا محض ایک احساس یا جذبہ نہیں، بلکہ شعور کی اس تبدیلی کا نام ہے جو انسان کی ساری زندگی کو بدل کر رکھ دیتی ہے۔ وہ اپنی محدود ہستی کو مٹا کر ایک لامحدود حقیقت سے جُڑ جاتا ہے۔
اس مضمون میں ہم اردو صوفی شاعری کے اسی بنیادی تصوربقا باللہ کو مختلف شعرا ء کے اشعار، تنقیدی آرا اور موجودہ دور کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارا مقصد صرف شعری تجزیہ نہیں، بلکہ اس فکری اور روحانی سفر کو سمجھنا ہے جو انسان کو ’’میں‘‘ کی قید سے نکال کر ’’تو‘‘کی وسعت میں لے جاتا ہے۔ یہی وہ بقا ہے جو فنا کے بعد ملتی ہے۔ایک ایسی بقا جو بندے کو خدا کی رضا میں راضی ہونے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔فنا و بقا کے تصورات تصوف کی بنیاد میں اس طرح رچے بسے ہوئے ہیں جیسے روح جسم میں پیوست ہو۔ یہ صرف تجریدی یا مذہبی اصطلاحات نہیں بلکہ انسان کے روحانی، نفسیاتی اور فکری ارتقاء کی نمائندہ کیفیات ہیں۔ اسلامی تصوف میں ’’فنا‘‘ کا مطلب ہے نفس کی نفی — یعنی اپنے وجود، انا اور خواہشات کو مٹا دینا — اور’’ بقا‘‘ کا مفہوم ہے اللہ کی ذات میں قائم ہو جانا۔ بظاہر یہ دونوں تصورات ایک دوسرے کے متضاد معلوم ہوتے ہیں، لیکن حقیقت میں یہ ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ فنا کے بغیر بقا ممکن نہیں، اور بقا کے بغیر فنا محض انکار بن کر رہ جاتی ہے۔
فنا کی اصل روح قرآن و حدیث کے ان باطنی مطالب میں پوشیدہ ہے جن میں اللہ تعالیٰ کے قرب کے لیے نفس کی تطہیر اور خواہشات کی نفی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حدیثِ نبویؐ ’’موتوا قبل ان تموتوا‘‘ یعنی ’’مر جاؤ اپنی موت سے پہلے‘‘اسی روحانی فنا کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ انسان کو سچے معنوں میں جینے کے لیے اپنی خواہشات، تکبر اور دنیاوی علائق سے نجات حاصل کرنی ہوگی۔ قرآنِ مجید میں بھی نفس کی اصلاح اور قلب کی پاکیزگی پر زور دیا گیا ہے، جیسا کہ سورہ الشّمس میں فرمایا گیا:
قَدْ أَفْلَحَ مَن زَکَّاہَا وَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاہَا (الشّمس، آیت 9-10)
یعنی کامیاب ہو گیا وہ جس نے اپنے نفس کو پاک کیا، اور نامراد ہوا وہ جس نے اسے آلودہ کیا۔
یہ آیات ہمیں بتاتی ہیں کہ حقیقی نجات اسی کو حاصل ہوتی ہے جو اپنے اندر کی دنیا کو صاف کرے، اور یہ تطہیر تب ہی ممکن ہے جب انسان اپنے وجود کو خدا کے حوالے کر دے۔ تصوف محض فکر نہیں، بلکہ ایک تجربہ ہے جو روح کو اس کے ماخذ سے ہم آہنگ کرتا ہے۔تصوف کے عظیم مفکرین جیسے حضرت جنید بغدادی، حضرت بایزید بسطامی، اور منصور حلاج کے نزدیک فنا ایک ایسی کیفیت ہے جہاں سالک اپنی ہستی کو مٹا کر اللہ میں فنا ہو جاتا ہے۔ حضرت بایزید کا قول ’’سبحانی ما اعظم شانی‘‘— ’’پاک ہے میں، کیسی عظیم ہے میری شان‘‘ — اس کیفیت کی ترجمانی کرتا ہے جب صوفی اپنی ذات سے بالکل خالی ہو چکا ہوتا ہے اور جو کچھ وہ کہتا ہے وہ اس کے اپنے نفس کی نہیں بلکہ حق کی زبان ہوتی ہے۔
بقا باللہ کا مفہوم ہے کہ فنا کے بعد جو شعور، معرفت اور قربتِ الٰہی کی کیفیت حاصل ہوتی ہے، وہ انسان کی شخصیت میں ایک نئی روشنی پیدا کر دیتی ہے۔ یہ بقا محض کوئی نظریہ نہیں بلکہ ایک زندہ تجربہ ہے، جو انسان کی زندگی میں صبر، محبت، ایثار، اور رضا کے ذریعے ظاہر ہوتا ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں صوفی ’’انسانِ کامل‘‘ کی سطح کو چھو لیتا ہے۔ ابن العربی، حضرت عبدالقادر جیلانی، امام غزالی، اور حضرت مجدد الف ثانی جیسے بلند پایہ صوفی مفکرین نے فنا و بقا کو نہ صرف روحانی تجربہ قرار دیا بلکہ اسے انسانی اخلاق اور رویوں کی اصلاح کے لیے لازمی بھی بتایا ۔بقول ابن العربی:
’’ ۔۔یہ کوئی آخری منزل نہیں، مقام فناپر جا کر سالک خود فراموش ہو جاتا ہے ذات باری میں اتنا محو ہو جاتا ہے کہ غیر اللہ کا اس کو احساس تک نہیں رہتا۔‘‘3؎
صوفیانہ فکر میں فنا کو ’’نفیِ ذات‘‘ اور بقا کو ’’اثباتِ ذاتِ حق‘‘ کہا جا سکتا ہے۔ اس میں سالک پہلے ’’لا‘‘ کہتا ہے — یعنی ہر غیر خدا کا انکار — اور پھر ’’إلا اللہ‘‘ کہہ کر صرف ایک وجود کو مانتا ہے، وہی خالص اور ابدی ذات۔ اس لمحے میں انسان اپنی خودی سے خالی ہو کر خدا سے بھر جاتا ہے۔ وہ خود کچھ نہیں رہتا، صرف وہی باقی رہتا ہے — یعنی اللہ۔اردو صوفی شاعری میں یہ نظریہ اس درجہ گہرا ہے کہ اکثر اشعار میں فنا و بقا ایک مسلسل باطنی سفر کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ مثلاً
شۂ بے خودی نے عطا کیا مجھے اب لباس برہنگی
نہ خرد کی بخیہ گری رہی نہ جنوں کی پردہ دری رہی (سراج اورنگ آبادی)
اس شعر میں شاعرنے اس کیفیت فنا کا اظہار کیا ہے جہاں نہ عقل کی پیچیدگیاں باقی رہتی ہیں اور نہ جنوں کی کوئی حد۔ یہ بے خودی کی وہ انتہا ہے جوہر پردے سے آزاد ہو کر حقیقت مطلق سے آشنا ہوتا ہے۔اس بنا پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ فنا اور بقا دو ایسے تصورات ہیں جن کے بغیر صوفیانہ فکر کی تفہیم نامکمل رہتی ہے۔اردو صوفی شاعری میں بقا باللہ کا تصور محض ایک اعتقادی مسئلہ نہیں بلکہ ایک روحانی اور جمالیاتی تجربہ بھی ہے، جسے صوفی شعرا نے اپنے ذوقِ عرفانی، باطنی واردات اور عشقِ الٰہی کے نازک پہلوؤں کے ساتھ بیان کیا ہے۔ یہ تجربہ نہ صرف الفاظ کی سطح پر ظہور پذیر ہوتا ہے بلکہ اس کی جڑیں شعور، سلوک اور باطن میں پیوست ہوتی ہیں۔ ہر صوفی شاعر نے بقا کے مفہوم کو اپنے مخصوص فکری پس منظر، سلسلہ طریقت اور روحانی تجربے کی روشنی میں برتا، جس کے نتیجے میں اردو شاعری میں بقا باللہ کی تعبیرات متنوع رنگوں میں جلوہ گر ہوئیں۔اردو کے ابتدائی صوفی شعرا جیسے رومی، امیر خسرو، شاہ حسین، یا بعد کے شعرا جیسے خواجہ میر دردؔ، مرزا غالبؔ، اور علامہ اقبالؔ تک — سب نے اس فلسفے کو نہایت معنی خیز انداز میں اپنے کلام کا حصہ بنایا۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی تعبیرات میں وسعت اور گہرائی پیدا ہوتی گئی، اور ہر دور کے قاری نے اس کے ذریعے اپنے اندر کے سوالات کا جواب پایا۔ان کی شاعری میں ’’بقا باللہ‘‘ کا تصور محض ایک تجریدی نظریہ نہیں بلکہ ایک داخلی، وجدانی اور روحانی تجربہ ہے جو ’’فنا‘‘ کے گہرے عمل سے نمودار ہوتا ہے۔ یہ فنا صرف مادی وجود کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ اس شعوری سطح کی نشاندہی ہے جہاں سالک اپنی انانیت، خودی اور دنیاوی تعلقات کی نفی کرتے ہوئے ذاتِ حق میں جذب ہو جاتا ہے۔ جب ہم مختلف شعراء کے اشعار کا مطالعہ کرتے ہیں تو ان کے اندرونی کیفیات، فکری رجحانات اور عرفانی بصیرتوں کی انفرادی جھلکیاں نظر آتی ہیں، جو ’’بقا باللہ‘‘کے تصور کو متنوع رنگ عطا کرتی ہیں۔
رومی ؔ کے ہاںیہ تصورہمیں اس فکری مرکز کی طرف لے جاتی ہے جہاں فنا،بقا کا پیش خیمہ بنتی ہے۔ یہ بقا کسی ذاتی شناخت کا نام نہیںبلکہ اس مقام کی طرف اشارہ ہے جہاں ذاتِ الٰہی کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا:
گہے خندم گہے گریم گہے افتم گہے خیزم
مسیحا در دلم پیدا و من بیمار می گردم
رومیؔ کایہ شعر عاشق کی متضاد جذبات اور روحانی کشمکش کا اظہار ہے جودل میں مسیحا کی موجودگی کے باوجود مسلسل بے قراری اور بیماری کی کیفیت میں مبتلا ہے۔
نقشبندی سلسلے کے ممتاز بزرگ مظہرؔ جانِ جاناں کے ہاں بقا کا تصور صبر، ریاضت اور مراقبہ کے باطنی مراحل سے جڑا ہوا ہے۔ وہ فنا کو وصال کی تمہید سمجھتے ہیں، اور بقا کو حق میں مکمل جذب ہو جانے کا عمل۔ ان کا شعر:
لوگ کہتے ہیں مر گیا مظہرؔ
فی الحقیقت میں گھر گیا مظہر
موت کے بارے میں عام تصور کو چیلنج کیا ہے۔ عام لوگ جسے’’ مرنا‘‘کہتے ہیں، شاعر اسے ’’گھر جانا‘‘ یعنی اصل حقیقت، اصل وطن کی طرف واپسی قرار دیتا ہے۔یہ تصوف کا وہی نظر یہ ہے جس کے مطابق فناایک عبوری مرحلہ ہے۔ جس کے بعد بقا یعنی قرب حق حاصل ہوتا ہے۔
بیدلؔ دہلوی اگرچہ فارسی کے عظیم شاعر تھے، لیکن ان کا فکری اثر اردو تصوف پر گہرا ہے۔ ان کے ہاں بقا محض عرفانی کیفیت نہیں بلکہ ایک فلسفیانہ تجزیہ بھی ہے۔ وہ خودی کو فنا کے ذریعے اس مقام پر پہنچاتے ہیں جہاں صرف ذاتِ حق کی تجلی باقی رہتی ہے:
سوز نہاں میں کب کا وہ خاک ہو چکا ہے
اب دل کو ڈھونڈتے ہو وہ دل کہاں ہے ہم میں
جب دل کے آستاں پر عشق آن کر پکارا
پردے سے یار بولا بیدل کہاں ہے ہم میں
یہ اس شعری طرزِ فکر کا اظہار ہے جس میں سالک باطن کی گہرائیوں میں اتر کر ایک نکتۂ یقین تک رسائی حاصل کرتا ہے۔
ولیؔ دکنی کی شاعری میں بقا باللہ کا ذکر سادہ لیکن نہایت موثر اسلوب میں موجود ہے۔ ان کے ہاں فنا، محبت کا تسلیم نامہ ہے اور بقا، اس تسلیم کے بعد حاصل ہونے والا روحانی وصال:
عشق میں لازم ہے اول ذات کو فانی کرے
ہو فنا فی اللہ دائم ذات یزدانی کرے
ولیؔ کی شاعری میں یہ تجربہ ایک سادہ سی بات معلوم ہوتی ہے لیکن اس میں صوفیانہ تجربے کی وہ گہرائی موجود ہے جو صرف قلبِ عاشق کے لیے قابلِ فہم ہے۔
سراجؔ کی شاعری میں فنا و بقا کے تجربات ایک گہری وجدانی سچائی کے ساتھ موجود ہیں۔ وہ فنا کو فرد کی محدود ہستی کا خاتمہ اور بقا کو کائناتی شعور میں حلول کی کیفیت سمجھتے ہیں:
بولتا ہو ں جو وہ بلاتا ہے
تن کے پنجرے میں اس کا طو طا ہوں
یہاں شاعر نے خودکو تن کے پنجرے میں قید ایک طوطے سے تشبیہ دی ہے جو مالک کے بلانے پر بولتا ہے۔یہ شعر انسان کی بے اختیاری اور خدا کے سامنے مکمل بندگی کا استعارہ ہے۔شاہ نصیر کی شاعری میں بقا کا تجربہ ایک وجدانی اور مکمل باطنی انہماک کے ساتھ نمایاں ہوتا ہے۔ ان کے اشعار میں فنا کے بعد کی جو کیفیت ابھرتی ہے وہ شعور کی بلندی پر واقع ایک ایسا سکون ہے جہاں تمام تضادات مٹ جاتے ہیں:
ترے ہی نام کی سمرن ہے مجھ کو اور تسبیح
تو ہی ہے ورد ہر اک صبح و شام عاشق کا
یہاں بقا باللہ کی وہ انتہا دکھائی دیتی ہے جہاں نہ سالک باقی رہتا ہے، نہ ہی اس کی ہستی، بلکہ فقط ذاتِ حق کا نور جلوہ گر ہوتا ہے۔
دردؔ کے نزدیک عشق ہی وہ راہ ہے جو فنا کی طرف لے جاتا ہے، اور یہی عشق بقا کی ضمانت بھی بن جاتا ہے:
ہے غلط گر گمان میں کچھ ہے
تجھ سو ا بھی جہان میں کچھ ہے
اس شعر میںمحبوب کی یکتائی اور کلت کا تصور بیان ہوا ہے۔ شاعر کے نزدیک کائنات کی ہر حقیقت محبوب میں سمٹ آئی ہے ، اس کے سوا سب وہم ہے۔
میرتقی میرؔ کی شاعری میں اگرچہ فراق، بے بسی اور شکستہ دلی نمایاں ہے، مگر ان کی گہرائی میں فنا و بقا کی ایک خاموش اور لطیف معنویت بھی پنہاں ہے۔ ان کا یہ شعر:
آگ تھے ابتدائے عشق میں ہم
اب جو ہیں خاک انتہاں ہے
ایسی داخلی کیفیت کو ظاہر کرتا ہے جہاں ذات مٹ جاتی ہے اور صرف عکسِ الٰہی باقی رہتا ہے۔ میر ؔکے یہاں یہ تصور نہایت پر سوز اور جمالیاتی لطافت کے ساتھ ادا ہوا ہے۔غالبؔ کی شاعری میں بقا کا تصور وحدت الوجود کی لطیف ترین صورت میں جلوہ گر ہوتا ہے۔ ان کے نزدیک فنا ایک ایسا مرحلہ ہے جہاں سالک اپنی خودی، انا، اور ذات کے پردے ہٹا کر اللہ کی ذات میں جذب ہو جاتا ہے۔ ان کا یہ شعر اس حقیقت کو نہایت لطافت سے بیان کرتا ہے:
نہ تھا کچھ تو خدا تھاکچھ نہ ہوتا تو خدا ہوتا
ڈبویا مجھ کو ہونے نے نہ ہوتا میں تو کیا ہوتا
یہاں وجود کو تباہی کا سبب قرار دیا گیا ہے۔’’ہونا‘‘ایک حجاب بن جاتا ہے جو سالک کو خدا کی حقیقت سے دور رکھتا ہے۔ یہی’’ہونا‘‘یعنی انا، جب تک قائم ہے، بندہ حقیقت کی پہچان نہیں کرسکتا۔ غالبؔ وجود، عدم، اور خیال کی سرحدوں پر کھڑے ہو کر بقا کو ایک ذہنی اور فکری تجربہ بتاتے ہیں:
ہستی کے مت فریب میں آ جائیو، اسد
عالم تمام حلقۂ دامِ خیال ہے
؎ یہاں بقا وہ ادراک ہے جس میں کائنات اور ہستی محض ایک ’’خیال‘‘ بن کر رہ جاتی ہے۔ غالبؔ کے نزدیک بقا ذاتِ حق میں مکمل جذب ہو جانے کا نام نہیں بلکہ اس فکری کیفیت کا مظہر ہے جہاں وجود اپنی اصل حقیقت کو پہچانتا ہے۔ ان کے ہاں بقا، میر کی جذباتی شدت یا مومن کی خلوتی وابستگی کے برعکس ایک فکری اور جمالیاتی انکشاف ہے۔مومن خاں مومنؔ کے ہاں بقا کا رنگ کچھ اور ہے۔ ان کی شاعری میں فنا عشق کے جذبے سے ہم آہنگ ہو کر ایک روحانی خلوت میں بدل جاتی ہے جہاں معشوق کی حضوری محسوس ہوتی ہے:
تم میرے پاس ہوتے ہو گویا
جب کوئی دو سرا نہیں ہوتا
یہ شعر بقا کی ایک لطیف صورت کو پیش کرتا ہے، جو ہر شے سے منقطع ہو کر صرف محبوب کے جلوے سے معمور ہو جاتی ہے۔ یہاں بقا، خودی کے فنا ہو جانے کے بعد پیدا ہونے والی قربت کا نام ہے، نہ کہ کوئی صوفیانہ مکاشفہ یا فلسفیانہ تدبر۔ مومن ؔکی بقا ایک خاموش وصال کی علامت ہے، جو عقل سے نہیں بلکہ عشق سے محسوس کی جاتی ہے۔اسی طرح اقبالؔ کے ہاں بقا باللہ سب سے زیادہ متحرک، فعال اور ارادی صورت میں جلوہ گر ہوتی ہے۔ ان کی فکر میں ’’فنا‘‘نفس کی تطہیر ہے اور ’’بقا‘‘انسان کی خلاق صفات میں الٰہی صفات کا ظہور:
خودی کوکر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خد ا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے
یہاں بقا کوئی ساکن روحانی حالت نہیں بلکہ ایک متحرک، خلاق، اور عمرانی شعور ہے۔ اقبالؔ کی بقا ایک ایسا روحانی ارتقاء ہے جس میں سالک صرف ذاتِ حق میں تحلیل نہیں ہوتا بلکہ اس کے صفاتی مظاہر کا حامل بن کر دنیا میں اثر انداز ہوتا ہے۔ تقابلی اعتبار سے اقبالؔ کی بقا نہایت مثبت، فعّال اور انسانی شعور کی بلندی پر مبنی ہے۔اقبالؔ کے نزدیک:
’’خودی اگر عشقِ حقیقی میں ڈھل جائے تو فنا کی بجائے بقا کی راہ کھلتی ہے۔ یہ خودی دراصل بقا باللہ ہی کی صورت ہے۔‘‘4؎
پنجابی، سندھی اور دیگر علاقائی زبانوں کے صوفی شعراء نے بھی اسی مفہوم کو اپنے خاص انداز میں پیش کیا۔ ان کے اشعار ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ خودی میں بسنے والا آخرکار مٹ جاتا ہے، اور جو اپنی خودی کو مٹا دیتا ہے وہی ابدی ہو جاتا ہے۔ اس فکری روحانی ارتقاء میں فنا بذاتِ خود مقصد نہیں بلکہ ایک دروازہ ہے جو سالک کو بقا تک پہنچاتا ہے۔ ان کے ہاں بقا کا مطلب صرف جینا نہیں، بلکہ خدا کے نور میں جینا ہے۔شاہ لطیف،شاہ حسین،بابا فرید، بلھے شاہ،اور حضرت سچل سرمست جیسے شعراء نے بھی یہی پیغام عام فہم زبان میں دیا۔ ان شعراء کے کلام میں مرشد، عشق، فنا، اور وصال کے استعارے بقا باللہ کی طرف اشارہ کرتے ہیںجوکہ شناخت اورنفس سے انکار ہے، اور یہی انکار دراصل بقا کی ابتداء ہے۔جسے صوفی شعراء نے اپنی شعری حسّیت سے جلا بخشی:
تیری ہی ذات اول و آخر
تو ہی قائم ہے اور تو ہی قدیم
تجھ سے وابستہ ہر تمنا ہے
تیرا ہی آسرا ہے رب کریم
(شاہ لطیف)
نہ میں مو من وچ مسیت اں
نہ میں وچ کفر دیاں ریت اں
(بھلے شاہ)
مرشد میرا اکھی وچ وسدا
میں گلیاں پھیرا تشنگی آں
(شاہ حسین)
اٹھ فرید ا ستیا جھاڑو دے مسیت
توں ستا، رب جاگدا تیری ڈاہڈے نال پریت
(بابا فرید)
ان بزرگوںکے یہ اشعار صرف الفاظ نہیں بلکہ روحانی واردات کی تجسیم ہے ۔ انہوں نے فنا و بقا کو ایسے سادہ مگر گہرے استعاروں میں بیان کیا جنہوں نے روحانی شعور کو عوامی بنا دیا۔ بابا فرید کا قول:
فنا فریدا، جان دیہا، رب لبھیندا وس
واضح کرتا ہے کہ فنا کے بعد ہی وصالِ حق کا در کھلتا ہے، اور یہی وصال درحقیقت بقا ہے وہ بقا جو خدا کی ہم آہنگی میں ہے، مگر ساتھ ہی انسانی محبت اور سچائی کی بنیاد پر استوار ہے۔سابقہ تمام اشعار کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ بقا ایک عارفانہ عکس ہے۔یہ بقا کو ذاتِ الٰہی کی صفات کا مظہر سمجھتے ہیں۔ ان شعراء کے ہاں بقا، عقل و وجدان کے مابین چھپی ہوئی وہ روشنی ہے جو صرف عشق کی آنکھ سے نظر آتی ہے۔ جہاں فنا ایک لازمی مرحلہ ہے جس کے بعد بقا باللہ کی روشنی نصیب ہوتی ہے۔فنا اور بقا کے یہ تصورات، تصوف کی اساس ہیں، کلاسیکی شعراء کے ہاں عشقِ الٰہی اور وحدت الوجود کے پیرائے میں سامنے آئے۔آگے چل کر انہیں صوفیانہ روایت نے جدید تنقیدی اور تخلیقی اسلوب اختیار کیا۔
اقبالؔ کے بعد جب اردو شاعری جدیدیت کے دور میں داخل ہوتی ہے تو فنا و بقا کے تصورات ذاتی،وجودی اور نفسیاتی سطحوں پر منتقل ہو جاتے ہیں۔ جدید دور کا انسان سائنس، مادیت، اور تیز رفتار زندگی کی بھول بھلیوں میں گم ہے،یہی وجہ ہے بقا باللہ کی معنویت پہلے سے کہیں زیادہ گہرائی اور وسعت اختیار کر چکی ہے۔ آج یہ محض ایک صوفیانہ اصطلاح نہیں بلکہ ایک نفسیاتی، اخلاقی اور وجودی ضرورت بن چکی ہے۔ جدید انسان اپنی شناخت کے بحران، رشتوں کی بے معنویت، اور مقصدیت کے فقدان سے نبرد آزما ہے۔ اس تناظر میں بقا باللہ کا مطلب ہے اپنی ذات کی نفی کر کے کسی بڑی اور ابدی حقیقت سے جڑنا، تاکہ انسان وقتی خواہشات اور مادی تضادات سے نکل کر روحانی استحکام پا سکے۔جدید شعرا جیسے، اصغرگونڈوی، جگر مرادآبادی، رفیق سندیلوی، اور انور شعور ، ن۔م۔ راشد، مظفر حنفی، بلراج کومل،علی سردار جعفری خاص طور پر، شہریار مخمور سعیدی،فہمیدہ ریاض اور بعض نثر نگاروں میںحمد ندیم قاسمی،انتظار حسین نے بھی اسے مزاحمت سے وابستہ کر کے بقا کے تصور کو مزید وسعت دی۔ان کے ہاں بقا نہ صرف خدا کی قربت بلکہ انسان کے تخلیقی امکانات کی بقا بھی ہے۔ان کے کلام میں اگرچہ کلاسیکی صوفی اصطلاحات کم نظر آتی ہیں، مگر ان کی شاعری میں بقا کی جستجو، عدم کی کیفیت سے نکلنے کا اشتیاق، اور کسی مطلق حقیقت سے ربط کا خواب صاف محسوس کیا جا سکتا ہے۔ جدید اردو شعراء نے انہی تصورات کو اپنی ذاتی کیفیات، تمدنی الجھنوں اور فکری بحرانوں کے تناظر میں نئے معنوی رنگ عطا کیے۔ یہی بقا باللہ کا نیا روپ ہے، جو روایت کی بنیاد پر استوار ہے مگر عصری شعور سے منور بھی۔تصوّف کے اسی تصوّر نے اردو تہذیب کو ایک گہری وسعت دی۔ اردو کی روح میں یہ نظریہ رچ بس گیا کہ’’مٹ کر جینا ہی اصل جینا ہے‘‘۔ یہی وجہ ہے کہ اردو زبان کی تشکیل میں جو تہذیبی نزاکت، برداشت، اور روحانیت نظر آتی ہے، اس کی جڑیں بقا باللہ کے اسی فلسفے میں پیوست ہیں۔ اس نے فرد کو’’میں‘‘سے نکال کر’’ہم‘‘کی طرف مائل کیا۔ یہی وہ تبدیلی ہے جو کسی زبان و ادب کو محض فنی اظہار سے نکال کر روحانی تجربے کا آئینہ بنا دیتی ہے۔درج ذیل شعرا ء کے کلام سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
ََََََََََََاصغرؔ گونڈوی کا یہ شعر تصوف، معرفت، اور باطنی حال کی ایک نہایت نازک اور لطیف کیفیت کو بیان کرتا ہے:
عالم سے بے خبر بھی ہوں، عالم میں بھی ہوں میں
ساقی نے اس مقام کو آساں بنا دیا
یہ شعر ایک ایسے باطنی مقام کی تصویر ہے جہاں شاعر بظاہر دنیا میں موجود ہے مگر اس کے دل میں دنیا کی طلب اور وابستگی ختم ہو چکی ہے۔یہ شعر فنا و بقا، حقیقت و مجاز، اور روحانی سلوک کی بلند منازل کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ اس درجۂ عرفان کی بات ہے جہاں انسان نہ مکمل دنیا سے جدا ہوتا ہے اور نہ ہی اس میں کھویا رہتا ہے — وہ ایک ایسی کیفیت میں ہوتا ہے جو ’’’ہونے‘‘ اور ’نہ ہونے‘‘کے درمیانی مقام پر ہے۔
جگرؔ مراد آبادی کے ہاںعشق حقیقی کو سب سے بلند روحانی مقام مانا گیا ہے، مگر ہر ایک کو ان کے نزدیک اس کی گہرائی تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔ یہ شعر اسی نکتہ کو بیان کرتا ہے کہ محض محبت کافی نہیں بلکہ اس کے عرفان کے لیے الہی عنایت شرط ہے:
اللہ اگر توفیق نہ دے، انسان کے بس کا کام نہیں
فیضانِ محبت عام سہی، عرفانِ محبت عام نہیں
یہ شعر تصوف، روحانیت، اور انسانی عاجزی کا گہرا اظہاریہ ہے۔ شاعر اس بات پر زور دیتا ہے کہ اعلیٰ روحانی مقامات، خاص طور پر ’’عرفانِ محبت‘‘، صرف انسانی کوشش سے حاصل نہیں ہوتے، بلکہ ان کے لیے الٰہی توفیق اور روحانی توجہ لازم ہے۔تصوف میں ’محبت‘‘ محض جذبہ نہیں، بلکہ خدا سے قرب کا راستہ ہے۔ ’’فیضانِ محبت‘‘ ایک ظاہری برکت ہے، جبکہ’’عرفانِ محبت‘‘ باطنی روشنائی ہے، جو صرف تب حاصل ہوتی ہے جب بندہ خود کو مٹا دے (فنا فی اللہ) اور اللہ اسے باقی رکھے (بقا باللہ)۔
ن م راشد کے کلام میں تصوف کی روایتی زبان نئی علامتوں میں ڈھل کر جلوہ گر ہوتی ہے جہاں عقل اور عشق کی کشمکش ایک روحانی سفر کا پیش خیمہ بنتی ہے۔درج ذیل کلام اسی داخلی سفر کا عکس ہے جہاں بندہ عقل کی روشنی میں فنا و بقا کا راز پا لیتا ہے:
پلا ساقیا مئے جاں پلا کہ میں لاؤں پھر خبر جنوں
یہ خرد کی رات چھٹے کہیں نظر آئے پھر سحر جنوں
یہاںصوفیانہ فکر میں’’جنون‘‘ کا مطلب پاگل پن نہیں بلکہ خدا کے عشق میں خودی کو مٹا دینا ہوتا ہے۔ ’’خرد‘‘ یہاں اس خودی، منطق اور دنیاوی حساب کتاب کی علامت ہے، جو بندے کو خدا سے دور رکھتی ہے۔ اس شعر میں ’’فنا فی اللہ‘‘ اور ’’بقا باللہ‘‘ کا لطیف اشارہ موجود ہے ۔فنا اُس وقت جب ’’خرد‘‘ ختم ہو، اور بقا اُس لمحے جب ’’سحرِ جنوں‘‘سے ذاتِ حقیقی کی روشنی ظاہر ہو۔
رفیق سندیلوی کے نزدیک تصوف کا رنگ داخلیت خاموشی اور وجودی تجربے کے پیرائے میں ڈھل کر آتا ہے۔ ان کے ہاں فنا کا مفہوم کسی بلند روحانی تجربے کے سفر میں تاریکیوں سے گزر کر روشنی تک پہنچے کا استعارہ بن جاتا ہے:
یہ چاپ، تیرگی، نیچے کو جا رہا زینہ
اسی سرنگ کے اندر وجود میرا ہے
یہ شعر اس مقامِ حیرت یا وارداتِ فنا کا اظہاریہ ہو سکتا ہے، جب سالک (عارف) اپنی ذات کی گہرائی میں داخل ہوتا ہے جہاں ہر سطح پر تاریکی، خامشی، اور خود سے انقطاع ہوتا ہے۔یہاں ’’زینہ‘‘ فنا کی طرف جانے والا راستہ ہے، اور’’سرنگ‘‘ نفس کی اندھیری گہرائی یا دنیاوی علائق کا کنایہ۔اس تاریکی سے گزرنے کے بعد ہی ممکن ہے کہ سالک ’’سحرِ بقا‘‘ کو پائے۔
مخمور سعیدی کے ہاں تصوف اور فکری بغاوت کا امتزاج نظر آتا ہے، جہاں وہ اخلاقی اقدار کو روایتی سانچو سے سے نکال کر از سر نو رکھتے ہیں:
بتوں کو پوجنے والوں کو کیوں الزام دیتے ہو
ڈرو اُس سے کہ جس نے ان کو اس قابل بنایا ہے
یہ شعر عام اخلاقی و مذہبی رویوں سے بلند ہو کر خوفِ خدا، تقدیر کی پیچیدگی، اور انسانی فہم کی محدودیت پر سوال اٹھاتا ہے۔شاعر دعوت دیتا ہے کہ ظاہری گناہگاروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے، اُن طاقتوں کو بھی سمجھنے کی کوشش کرو جنہوں نے اُنہیں اس حال تک پہنچایا — اور خوف خدا صرف اعمال پر نہیں بلکہ اُس کی حکمتِ مطلق پر بھی ہونا چاہیے۔
َ شہریارؔ کی شاعری اس سلسلے کی ایک عمدہ مثال ہے۔ ان کے اشعار میں بقا باللہ کوئی جامد صوفیانہ مفہوم نہیں بلکہ ایک متحرک داخلی تجربہ بن جاتا ہے۔ وہ فنا کو محض زوال نہیں بلکہ نئے شعور کے جنم کا ذریعہ مانتے ہیں:
جمع کرتے رہے اپنے کو ذرہ ذرہ
وہ یہ کیا جانیں بکھرنے میں سکوں کتنا ہے
یہ شعر فنا و بقا کے صوفیانہ تصور کی عکاسی کرتا ہے۔ جو لوگ اپنی ذات کو سنوارنے اور بچانے میں لگے رہتے ہیں، وہ مٹنے، بکھرنے، اور ’’فنا‘‘ ہونے کے روحانی سکون کو نہیں سمجھ سکتے۔ تصوف میں ’’بکھر جانا‘‘ انا اور خودی کے فناء کا استعارہ ہے، جس کے بعد ہی انسان ’’بقا باللہ‘‘ یعنی خدا کی ہمیشگی میں داخل ہوتا ہے۔
بشیر بدر کے یہاں بقا باللہ کا تصور زیادہ انسانی، رومانوی اور زمینی انداز میں جلوہ گر ہوتا ہے:
ہم لوگ سچ کہتے ہیں لیکن
بس اس لیے کہانی بن جاتی ہے
یہاں ’’کہانی‘‘ بقا کی علامت ہے یعنی انسان، محبت، یا رشتے کے فانی تجربات کو یاد، تحریر، یا روایت کے ذریعے باقی رہتا ہے۔
اسی طرح فہمیدہ ریاض نے بقا کو نسائی مزاحمت اور وجودی احتجاج سے جوڑ کر ایک بالکل نیا زاویہ پیش کیا۔ ان کا یہ شعر نہایت بلیغ ہے:
میں فنا میں گم ہوں مگر
میری آواز باقی ہے
اس شعر میں بقا کا مفہوم صرف روحانی بیداری نہیں بلکہ ظلم، خاموشی اور استحصال کے خلاف صدائے احتجاج بھی ہے۔ اس بقا میں عورت کی آواز، اس کی پہچان، اور اس کا انکار بطور روحانی تجربہ کے سامنے آتا ہے۔
مذکورہ شعراء کے ہاں بقا باللہ کا تصور اپنے اپنے انداز، زبان، مکتبِ فکر اور روحانی تجربے کے مطابق مختلف رنگوں میں جلوہ گر ہوتا ہے۔ اگر ان تمام شعرا کے اشعار کو ایک فکری کینوس پر رکھا جائے تو ایک دلکش تنوع ابھر کر سامنے آتا ہے غالبؔ کی رمزیت، رومی ؔکا سوز،میر دردؔ اور مظہرؔ جانِ جاناں کے ہاں وحدت الوجود کی روشنی میں فنا و بقا کا امتزاج پایا جاتاہے، جو باطنی شعور کو وسعت دیتا ہے۔شاہ نصیرؔ اور سراجؔ اورنگ آبادی کے ہاں یہ تجربہ وجد، خاموشی اور شعور کی غیر محسوس وسعتوں میں ڈھلتا ہے۔ میرؔ اوربیدلؔ کے ہاں فنا و بقا کا مفہوم ایک فکری پیچیدگی اور شعوری تجزیے میں بدل جاتا ہے، جو قاری کو سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔، مومن ؔکے ہاں خلوت میں پنہاں قرب، غالبؔ کے ہاں تجریدی فکری مکاشفہ، اقبال ؔکے ہاں اخلاقی ارتقاء، ولی ؔکے ہاں تسلیم کی روشنی، اور بقا، ذاتِ حق کی صفات میں تحلیل ہو جانے کا عرفانی فیض ہے ۔بلھے شاہ اور دیگر علاقائی شعراء کے ہاں یہ مضمون عوامی زبان اور ثقافتی اظہار کے ذریعے قریب تر اور دل نشیں انداز میں بیان ہوا ہے۔اسی طرح جدید دور میں اصغر گونڈوی کے کلام میں فنا اور بقا کی درمیانی کیفیت کا لطیف اظہار ملتا ہے، جہاں سالک دنیا میں موجود ہوتے ہوئے بھی اس سے منقطع ہو جاتا ہے۔جگر مرادآبادی نے عشقِ حقیقی کو اعلیٰ روحانی مقام قرار دیا، مگر اس کی تکمیل کو الہی عنایت سے مشروط کیا۔ن م راشد کے ہاں تصوف کی روایتی زبان علامتی اور جدید اسلوب میں ڈھل کر عقل و جنون کی کشمکش کو ظاہر کرتی ہے۔رفیق سندیلوی نے داخلیت، سکوت اور تاریکی کو فنا کے مراحل کے طور پر برتا ہے، جہاں ذات کی گہرائی میں روشنی کی تلاش جاری ہے۔شہریار فنا کو بکھرنے کا عمل سمجھتے ہیں جو انا کے ٹوٹنے کے بعد روحانی سکون کا ذریعہ بنتا ہے۔مخمور سعیدی اخلاقی اقدار اور الہی حکمت کے پیچیدہ تعلق پر سوال اٹھاتے ہیں، جو تصوف کی فکری گہرائی کو چھوتے ہیں۔بشیر بدر کے ہاں بقا ایک تخلیقی اور سچائی پر مبنی تجربہ ہے جو انسانی جذبے سے جڑی ہے۔فہمیدہ ریاض نے بقا کو نسائی شعور، مزاحمت اور احتجاج کی صورت میں پیش کیا، جہاں فنا بھی آواز کی صورت میں زندہ رہتی ہے۔گویا اردو صوفی شاعری میں بقا باللہ کا تصور ایک مسلسل روحانی و فکری جستجو کی صورت میں سامنے آتا ہے — ایک ایسا تجربہ جو نہ صرف شاعر کو، بلکہ قاری کو بھی مادی وجود کی حدوں سے نکال کر باطن کی گہرائیوں میں اتار دیتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں صرف وہی باقی رہتا ہے ۔اس مقام کے بارے میں امام غزالی نے لکھا ہے:
’’ جو اس مقام پر پہنچ جاتے ہیں ان میں سے بلا استثنا سبھی کہا ہے کہ وہ کائنات میں ذات باری کے علاوہ اور کسی چیز ک کاوجود نہیں پاتے۔، اپنی عقل کھو بیٹھتے ہیں اور مبہوت و حیران رہ جاتے ہیں۔ ان کو نہ کائنات کی کسی چیز کا ہوش رہتا ہے اور نہ اپنی ذات کا۔ ان کو سوائے خدا کے کچھ نظر نہیں آتا۔ ان پر سکر کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے، جس میں کوئی انا الحق کہہ اٹھتا ہے، کوئی سبحانی اور کوئی لیس فی حبتی سوی اللہ اس کیفیت کو فنا یا فناء الفنا کہتے ہیں۔ اس لیے کہ اس حالت میں آدمی کو اپنی ذات کا احساس باقی نہیں رہتا۔ بلکہ اسے احساس کھو دینے کا بھی احساس نہیں ہوتا۔ کیوں کہ اگر یہ احساس باقی رہتا تو اپنی بے ہوشی کا بھی احساس ہوتا۔‘‘5؎
اس طرح اردو صوفی شاعری میں بقا باللہ صرف ایک مذہبی اصطلاح نہیں بلکہ ایک فکری نظام کا حصہ بن کر سامنے آتی ہے، جو انسان کی حقیقت، اس کے فانی وجود اور اس کے مابعدالوجودی امکانات پر سوال اٹھاتا ہے۔ان تمام تعبیرات میں ایک مشترک نکتہ یہ ہے کہ بقا باللہ کوئی فوری اور ظاہری حالت نہیں بلکہ فنا کی مکمل شدت، ذات کی تحلیل، اور باطن کی تطہیر کے بعد حاصل ہونے والا عرفانی انعام ہے۔ ہر شاعر نے اپنے شعری اسلوب، روحانی تجربے، اور فکری پس منظر کے مطابق اس تصور کو شعری پیرائے میں ڈھالا ہے، جس کے نتیجے میں اردو صوفی کلام میں ’’بقا باللہ‘‘ کا تصور ایک ہمہ گیر جمالیاتی اور فکری وسعت اختیار کر چکا ہے۔
مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بقا باللہ کا تصور جدید اردو ادب میں محض ایک صوفیانہ نکتہ نہیں رہا، بلکہ اس نے فکری، نسائی، تہذیبی اور وجودی زاویوں میں وسعت اختیار کر لی ہے۔ یہ ایک ایسا مفہوم بن چکا ہے جو ماضی کی روحانی وراثت اور حال کے فکری بحران کو آپس میں جوڑتا ہے، اور انسان کو اس کی اصل پہچان کی طرف واپس لے جاتا ہے اردو صوفی شاعری میں’’’بقا باللہ‘‘ کا تصور صرف ایک عقیدہ نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر لسانی، فکری اور جمالیاتی تجربہ ہے، جو شعری اظہار کے ذریعے ایک معنوی جہان کو قاری کے سامنے کھولتا ہے۔ اس تصور کی تفہیم محض لفظوں کی حد تک ممکن نہیں بلکہ اس کے پس منظر میں چھپی ہوئی روحانی واردات، عرفانی شعور، اور جمالیاتی شدت کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔
جمالیاتی اعتبار سے بقا باللہ کا تجربہ صوفی شاعری میں وجد، درد، خاموشی اور روشنی جیسے تاثرات کی صورت میں جلوہ گر ہوتا ہے جہاںیہ جمالیات محض الفاظ کی خوبصورتی تک محدود نہیں بلکہ قاری کو ایک وجدانی کیفیت میں لے جانے کی قوت رکھتی ہے۔ شاعری کا حسن اس وقت دو چند ہو جاتا ہے جب یہ تصور عشقِ الٰہی، ہستی کی بے ثباتی، اور وصالِ حق کی تمنا کے ساتھ گُندھ کر سامنے آتا ہے۔
اسلوبی و فکری تناظر میں اگر ہم ان اشعار کا تقابلی تجزیہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان سب کا مشترکہ مقصد انسان کی روحانی حقیقت کو دریافت کرنا ہے، مگر ان کے ذرائع، اسالیب، اور نتیجے مختلف ہیں ۔ یہاں شعراء داخلی واردات اور عرفانی تسلیم کو اختیار کرتے ہیں، ورد قطعی وحدانیت کو بیان کرتے ہیں، اوراس عرفان کو عمل اور اختیار سے جوڑتے ہیں۔ اس طرح ان اشعار میں تصوف، فلسفہ، عرفان، اور عملی خودی جیسے تصورات اپنی تمام تر رنگینیوں، گہرائیوں، اور تناؤ کے ساتھ جلوہ گر ہوتے ہیں۔ ان میں انسانی وجود کی متضاد کیفیتوں، عرفانی انکشافات، اور روحانی امکانات کا ایسا فنکارانہ امتزاج پایا جاتا ہے جو انہیں محض شعری اظہار نہیں، بلکہ فکری و روحانی دستاویز بنا دیتا ہے۔یہ تقابلی جائزہ اس نکتے کو ابھارتا ہے کہ صوفیانہ ’’فنا‘‘صرف مٹنے کا عمل نہیں بلکہ ایک گہرا شعوری فیصلہ ہے جو انسان کو اس کی محدود انا سے آزاد کر کے وسعتِ حقیقت کی طرف لے جاتا ہے۔ بقا دراصل اُس لمحے کی نمائندہ ہے جب انسان خود کو کسی بڑے مقصد، عشق، یا حقیقت کے لیے قربان کر دیتا ہے اور یوں اُس کی ہستی، گویا ’’عبدیت‘‘ کی صورت میں دائمی ہو جاتی ہے۔لسانی سطح پر دیکھا جائے تو صوفی شعراء نے بقا باللہ کے تصور کو نہایت لطیف، رمزی اور استعاراتی زبان میں بیان کیا ہے۔’فنا‘، ’مٹ جانا‘، ’وجود کا زوال‘،’عکس، ’نور، ’وصال‘، اور ’حق میں تحلیل ہونا‘جیسے الفاظ اور تراکیب اس تصور کے بنیادی اشاریے ہیں۔ یہ زبان نہ صرف شعری حسن کو نکھارتی ہے بلکہ مفہوم کو ایک باطنی سطح پر منتقل کرتی ہے۔ میرؔ، دردؔ، مظہرؔ، اور بلھے شاہ جیسے شعرا کی زبان میں وجد، سوز، اور رمزیت کی جھلک بار بار ابھرتی ہے، جو بقا کے روحانی مفہوم کو ایک گہری لسانی پیکر عطا کرتی ہے۔
نتیجتاً ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہی باقی، جو مٹ گیا صرف ایک صوفیانہ نعرہ یا استعارہ نہیں، بلکہ ایک گہرا فکری، روحانی، اور وجودی اصول ہے جو انسانی شعور کے ارتقائی سفر میں ہر دور میں نیا مفہوم اختیار کرتا رہا ہے۔ اردو صوفی کلام سے لے کر جدید غزل، نظم، اور نثر تک اس نکتے کی گونج ہمیں ہر سطح پر سنائی دیتی ہے۔ اس تجزیاتی مطالعے نے واضح کیا کہ بقا باللہ کا تصور محض خانقاہی یا مذہبی اصطلاح نہیں بلکہ انسانی خودی، اخلاقیات، اور فکری بیداری کی علامت بھی بن چکا ہے۔
حواشی:
.1تصوف اور شریعت، مجدد الف شانی کے افکار کا مطالعہ، ترجمہ: مفتی محمد مشتاق بخاری، مرکزی مکتبہ اسلامی پبلیشرز، نئی دہلی، 2008ء،ص57
2سب رس کی تنقیدی تدوین،ڈاکٹر حمیرہ جلیلی،اعجاز پریس چھتہ بازار،1983،ص93
.3حضرت مجدد الف ثانی علیہ الرحمہ،ڈکٹر محمد مسعود احمد،اسلامک بک فاونڈیشن،2007ء،ص74
.4علامہ اقبال، رموز بے خودی، اردو ترجمہ: سید نذیر نیازی، شیخ غلام علی اینڈ سنز، لاہور، ص84
.5امام غزالی، مشکوۃالانوار،تحقیق اے۔ای عفینی، دارلقومیہ، قاہرہ،1946،ص61