پرویز مظفر کی نظم نگاری: عصری آگہی، داخلی کشمکش اور جمالیاتی احتجاج

پروفیسر شیخ عقیل احمد

پرویز مظفر کا شمار اُن شاعروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے نہ صرف ادب میں ایک منفرد اور تازہ اسلوب متعارف کروایا بلکہ مغربی معاشروں میں بسنے والے تارکینِ وطن کی داخلی و خارجی کیفیات کو بھی فن کے قالب میں ڈھالا۔ وہ برمنگھم(یو کے(میں مقیم ہیں اور طویل عرصے سے اردو نظم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا شعری سرمایہ فکری گہرائی، تہذیبی شعور اور انسانی مسائل سے گہری وابستگی کا آئینہ دار ہے۔ ان کی نظموں میں عصری زندگی کی بے سمتی، شناخت کا بحران، دردِ دوراں اور احتجاج کی ایک زیرِ لب لہر نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہے۔
پرویز مظفر کی نظم نگاری کا زمانی تناظر اکیسویں صدی کے اس دور سے جڑا ہے جہاں انسانیت نئی عالمی پیچیدگیوں، دہشت، وبا، ہجرت، نسل پرستی اور معاشرتی بے حسی کا سامنا کر رہی ہے۔ان نظموں میں نیا عالمی منظرنامہ اور انسان کی نفسیاتی، تہذیبی اور جذباتی سطح پر جو انحطاط ہے، وہ بطور گواہی موجود ہے۔ مکانی اعتبار سے ان کا تعلق اگرچہ برطانیہ سے ہے، لیکن ان کا تخلیقی دل اب بھی مشرقی تہذیب و اقدار سے جڑا ہوا ہے۔ یہی دوئی ان کی شاعری میں ایک مخصوص کشمکش اور تہہ داری پیدا کرتی ہے۔برمنگھم برطانیہ کا ایک ایسا شہر ہے جہاں مختلف قوموں، ثقافتوں اور نسلوں کے لوگ بستے ہیں۔ یہاں کا کثیرالثقافتی ماحول پرویز مظفر کی شاعری میں واضح طور پر جھلکتا ہے۔ ان کی نظم “سیہ بر سفید”ہو یابچھڑنے کا غم”, ان میں وہ نسلی تعصبات، ثقافتی تصادم، مغرب میں تارکین وطن کے المیے اور اجنبیت کے احساس کو بڑی صداقت اور فنکارانہ ہنر مندی سے پیش کرتے ہیں۔ برمنگھم میں رہنے کے باعث وہ مغرب کی ترقی یافتہ لیکن روحانی طور پر کھوکھلی دنیا کا مشاہدہ بھی کرتے ہیں اور مشرق کی یاد میں ڈوبے ہوئے دکھ بھی بیان کرتے ہیں۔پرویز مظفر کی نظموں میں کئی رجحانات ایک ساتھ کارفرما ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں رجحان عصری شعور کا ہے۔ ظلم، جنگ، دہشت، ہجرت، وبا اور طبقاتی تفریق جیسے موضوعات ان کے ہاں محض بیانیہ نہیں بلکہ جذباتی سچائی کے ساتھ شامل ہیں۔ نظم فلسطین” میں ان کا احتجاجی لہجہ اورکرونا” میں اجتماعی المیے کا شخصی تجربہ، اسی رجحان کا اظہار ہے۔دوسرا اہم رجحان داخلی کشمکش کا ہے، جس میں شاعر ماضی، یاد، تنہائی، بے بسی اور خود کلامی کے تجربات کو سادہ لیکن عمیق انداز میں بیان کرتا ہے۔ نظم یادیں”، ”قیدی”, ”پردہ” اوریاد ستا رہی ہے” اسی داخلی سفر کی کڑیاں ہیں۔تیسرا نمایاں رجحان جمالیاتی احتجاج کا ہے، جہاں وہ معاشرتی ناانصافیوں کو براہ راست نعرہ بازی کے بجائے نظم کے لطیف پیرائے میں بیان کرتے ہیں۔ ان کی زبان سادہ، اسلوب غیر مصنوعی اور اظہار غیر روایتی ہے، لیکن اس میں ایک ایسی قوت موجود ہے جو قاری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتی ہے۔مختصراً، پرویز مظفر کی نظم نگاری ایک ایسا آئینہ ہے جس میں آج کے انسان کا بکھرا ہوا چہرہ، تارکین وطن کی بے چینی اور ایک مہذب دنیا کے اندر چھپی ہوئی وحشت، بڑی سنجیدگی اور فکری شعور کے ساتھ عیاں کی گئی ہے۔ ان کا کلام صرف جذبات کا اظہار نہیں بلکہ ایک باشعور ذہن کا زندہ احتجاج ہے۔
پرویز مظفر کی نظم نگاری میں ظلم، جنگ اور احتجاج ایک مسلسل اور گہرے شعور کے ساتھ ابھرتے ہیں۔ ان کے ہاں یہ موضوعات نہ صرف جذباتی سطح پر محسوس کیے گئے ہیں بلکہ فکری اور سیاسی طور پر بھی بڑے بالغ نظری کے ساتھ برتے گئے ہیں۔ ان کی نظموں میں احتجاج کا اسلوب شور انگیزی یا سلوگن سازی پر مبنی نہیں، بلکہ ایک داخلی تپش، ایک خاموش چیخ اور ایک تہذیبی کرب کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ وہ انسانی بے بسی کو ایسے لہجے میں بیان کرتے ہیں جو قاری کو لاشعور کی تہہ تک جھنجھوڑ دیتا ہے۔پرویز مظفر کی نظم”فلسطین” ایک سیاسی المیے کی شاعرانہ ترجمانی ہے، جہاں شاعر نہ صرف عالمی بے حسی پر سوال اٹھاتا ہے بلکہ ایک تلخ حقیقت کو جملۂ معترضہ میں پیش کرتا ہے:
ظلم کی رسسی کو دراز ہونے دو
فلسطین کو خود ہی آزاد ہونے دو
یہ شعر بظاہر تقدیر پرستی یا لاچاری کا اعلان محسوس ہوتا ہے، لیکن اس کے پس منظر میں ایک گہرا طنز اور خاموش احتجاج موجود ہے۔ یہ کہنا کہ”خدا سب دیکھ رہا ہے”،دراصل ان طاقتوں کی منافقانہ خاموشی پر چوٹ ہے جو انسانیت کے نام پر قائم اداروں کو بے جان مجسموں میں بدل چکی ہیں۔نظم”وہ بہتر لوگ” میں گرین فیل ٹاور جیسے سانحات کو شاعر ایک فرد کی نگاہ سے نہیں، بلکہ ایک زندہ ضمیر کی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ شاعر متاثرین کی بے بسی اور دنیا کی تماش بین فطرت کو ایک سادہ لیکن گہرے منظرنامے میں یوں مجسم کرتا ہے:
وہ بہتر زندگی اور آگ کے درمیان مجبور کھڑے
یہ مصرع صرف مظلوموں کی بے بسی کا بیان نہیں، بلکہ اُس تہذیب کے دیوالیہ پن کی علامت ہے جو جدیدیت کے نام پر انسان کو رہائش، شناخت اور تحفظ کے بنیادی حق سے بھی محروم کر چکی ہے۔اسی سلسلے میں نظم تنقید کا چکر ویو” ایک علامتی اور تہذیبی احتجاج کی عمدہ مثال ہے۔ یہاں شاعر تخلیق، تنقید اور معاشرے کے درمیان تلخ تعلقات کو اجاگر کرتا ہے، جہاں تخلیق کو اس کی زندگی کے بجائے اس کی فکری ساخت کی بنیاد پر مار دیا جاتا ہے:
اتنے وار کیے/کہ بیچارا لہو لہان/زمین پر پڑا سسکتا رہا
یہ منظر صرف ایک افسانے کی شکست نہیں، بلکہ اس پورے نظام پر ایک فرد کی صدائے احتجاج ہے جو تخلیق کے عمل کو سمجھنے کے بجائے اسے گھیر کر لہو لہان کر دیتا ہے۔ نظم کی علامتی زبان اس احتجاج کو جمالیاتی قوت عطا کرتی ہے۔ان تینوں نظموں کا مشترکہ وصف یہ ہے کہ ان میں ظلم اور ناانصافی کو براہ راست رد کرنے کے بجائے ایک گہری شاعرانہ زبان کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔ پرویز مظفر ان سانحات کو صرف دکھ یا نوحے کے انداز میں پیش نہیں کرتے بلکہ ایک باشعور فنکار کے طور پر ان کے تہذیبی، سیاسی اور فکری پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ ان کی نظموں میں جنگ صرف گولیوں، بموں اور خون کی داستان نہیں، بلکہ وہ انسانی ضمیر کی سچائی، مہذب دنیا کی خاموشی اور اجتماعی بے حسی پر ایک مسلسل سوالیہ نشان ہے۔
پرویز مظفر کی نظم نگاری کا ایک اہم پہلو وہ بصیرت ہے جس کے ذریعے وہ عالمی انسانی سانحات کو محض وقتی واقعہ نہیں، بلکہ ایک اجتماعی، نفسیاتی اور تہذیبی انحطاط کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ ان کی شاعری میں وبا، مصیبت اور انسانی زوال صرف خارجی حادثے کی حیثیت نہیں رکھتا بلکہ یہ ایک ایسے وجودی بحران کی علامت بن کر سامنے آتا ہے جہاں انسان اپنی ہی بنائی ہوئی دنیا کے ملبے تلے دب چکا ہے۔نظم”کرونا” میں پرویز مظفر نے صرف ایک عالمی وبا کو نہیں، بلکہ انسان کی اندرونی شکست، سماجی تنہائی اور درد کی حدت کو اس شدت سے محسوس کیا ہے کہ وہ اجتماعی سطح پر ایک درد ناک سچائی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ شاعر لکھتا ہے:
ہم غم کو سہتے سہتے/ اس دریا میں بہتے بہتے/ غم ہلکا لگنے لگا
یہ مصرعے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ جب المیے مسلسل ہوں، تو انسان کی حسیات بھی ماؤف ہونے لگتی ہیں۔ غم کا”ہلکا لگنا” دراصل ایک خطرناک علامت ہے جو بتاتی ہے کہ انسان اب کرب کو معمول سمجھنے لگا ہے۔ یہ مصرع وبا کے انسانی وجود پر پڑنے والے گہرے اثرات کو نہایت حساس انداز میں بیان کرتا ہے۔اسی طرح نظم”مجبوری کے قصے” میں شاعر موت، المیے اور انسانی رشتوں کے زوال کو انتہائی تہہ دار پیرائے میں پیش کرتا ہے۔ یہاں محبت، جو انسانی بقاء کی سب سے مضبوط بنیاد سمجھی جاتی ہے، محض چند قصوں میں سمٹ گئی ہے:
موت نے ڈالے کتنے حصے/ محبت کے / بس دو چار قصے
یہ مصرعے بظاہر سادہ ہیں، مگر ان کے اندر ایک تہذیبی افسوس، ایک اجتماعی تھکن اور رشتوں کے بے معنی ہو جانے کا نوحہ پوشیدہ ہے۔ پرویز مظفر ان نظموں میں جدید انسان کے بے چہرہ معاشرے کو آئینہ دکھاتے ہیں، جہاں محبت بھی محدود ہو گئی ہے اور زندگی محض ایک خالی ڈھانچہ۔نظم ”پیلے پتے” ایک استعارہ ہے اُس فطری و انسانی بربادی کا جو یا تو قدرتی آفات کے نتیجے میں ظہور پذیر ہوتی ہے یا پھر انسانی خود غرضی اور بے حسی سے جنم لیتی ہے۔ شاعر لکھتا ہے:
یہ واقعی تباہی / یہ قدرتی زوال / انسانی کمال
یہ تینوں نظمیں گویا انسانی تاریخ کے تین رخ دکھاتی ہیں؟تباہی ایک حقیقت، زوال ایک قدرتی عمل، مگر اس سب میں انسان کا ہاتھ — ”کمال” — جس نے خود کو فنا کے دروازے تک پہنچا دیا۔ اس مصرعے میں ایک کاٹ دار طنز ہے، جو انسان کے نام نہاد ترقیاتی عمل کو تباہی کے سیاق میں پرکھتا ہے۔ان تینوں نظموں کا مجموعی تجزیہ بتاتا ہے کہ پرویز مظفر نہ صرف ایک حساس شاعر ہیں، بلکہ وہ وبا اور مصیبت جیسے موضوعات کو ایک گہرے فکری اور تہذیبی شعور کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔ ان کی نظموں میں یہ سانحات صرف جذباتی ردعمل نہیں، بلکہ انسانی ضمیر کی گہرائیوں میں اتر جانے والا اجتماعی نوحہ ہے — ایسا نوحہ جس میں تاریخ کی صدائیں، موجودہ زوال کی نشانیاں اور مستقبل کی تنبیہات یکجا ہو جاتی ہیں۔
پرویز مظفر کی شاعری میں جہاں خارجی دنیا کے دکھ اور اجتماعی زوال کا نوحہ ملتا ہے، وہیں ایک اور جہت ایسی بھی ہے جو زیادہ شخصی، داخلی اور روحانی نوعیت رکھتی ہے۔ یہ وہ دائرہ ہے جہاں شاعر خود سے مکالمہ کرتا ہے، ماضی کی گم شدہ پرتیں کھنگالتا ہے اور یادوں کی نرمی، تلخی اور گہرائی کو ایک شعری تجربے میں ڈھالتا ہے۔ ذات، یاد اور تنہائی کا یہ بیانیہ پرویز مظفر کی شاعری میں ایک مستقل موضوع کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہ وہ داخلی خلا ہے جو وقت کے گزرنے، رشتوں کے ٹوٹنے، یا بے چہرہ ہجوم میں گم ہو جانے سے پیدا ہوتا ہے۔نظم یادیں” میں شاعر کی تنہائی ایک ایسی کیفیت اختیار کر لیتی ہے جہاں یادیں صرف ماضی کی بازگشت نہیں بلکہ ایک جیتی جاگتی حقیقت بن جاتی ہیں۔ شاعر اعتراف کرتا ہے:
ہم ابھی وہیں پھنسے ہیں / یادوں کی دلدل میں
یہ محض ایک جذباتی بیان نہیں بلکہ ایک نفسیاتی سچائی ہے، جہاں انسان وقت کی روانی میں آگے نہیں بڑھ پاتا۔ یادیں اس کے وجود پر ایک بوجھ کی طرح سوار رہتی ہیں اور وہ شعوری یا لاشعوری طور پر ان میں الجھ کر رہ جاتا ہے۔”دلدل” کا استعارہ بتاتا ہے کہ یہ یادیں محض رومانوی یا جمالیاتی تجربہ نہیں، بلکہ ایک پیچیدہ اور گرفت گیر تجربہ ہے۔نظم”نظمپرویزمظفر” میں یاد کا ایک اور رُخ سامنے آتا ہے، جہاں ماضی کی کوئی شخصیت یا لمحہ یکایک حال میں ظہور پذیر ہو جاتا ہے۔ شاعر کہتا ہے:
آج پھر اسے یاد کیا، تو وہ / تصویر سے نکل کر میرے پاس بیٹھ گیا
یہ مصرعے بظاہر سادہ تخیل معلوم ہوتا ہیں، لیکن ان کے پیچھے تنہائی کی شدت، جذباتی وابستگی اور ماضی سے جڑی تشنہ خواہشات کی ایک پوری کائنات چھپی ہوئی ہے۔ تصویر سے نکل کر کسی کا پاس آ جانا ایک ایسا تخیلاتی عمل ہے جو صرف اس وقت ممکن ہوتا ہے جب انسان یاد کی شدت میں مکمل طور پر ڈوب چکا ہو۔نظم”یاد ستا رہی ہے” میں یاد محض ایک خوشگوار احساس نہیں بلکہ ایک ذہنی و جذباتی اضطراب بن جاتی ہے، جو شاعر کے وجود پر دستک دیتی ہے اور اسے مکمل طور پر اپنے حصار میں لے لیتی ہے:
دل کے دروازے پر پھر دستک ہوئی
یہ مصرع ایک علامتی پکار ہے، جو شاعر کے باطن میں ہونے والے ہلچل کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہاں”دستک” صرف یاد کی نہیں بلکہ اُس شخصیت کی ہے جو فوت ہو چکی ہے، مگر اپنی یادوں میں اب بھی زندہ ہے۔ یہ دستک، دراصل شاعر کی داخلی تنہائی میں ایک اضطراری شور ہے جو کبھی کبھی مکمل خاموشی کے بطن سے اُبھرتا ہے۔
یہ تینوں نظموں — یادیں، یاد کی نظم، یاد ستا رہی ہے، کا باہمی مطالعہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ پرویز مظفر کی شاعری کا داخلی منظرنامہ ایک تنہا انسان کی زندگی، اس کی بکھری ہوئی یادوں اور ماضی کی بازگشت سے لبریز ہے۔ ان کی یادیں محض نوستالجیا نہیں بلکہ ایسی جذباتی اور وجودی حقیقتیں ہیں جو ذات کے خول میں ارتعاش پیدا کرتی ہیں۔ ان نظموں میں پرویز مظفر نہ صرف اپنے تجربے کو بیان کرتے ہیں بلکہ قاری کو بھی اس تنہائی کا شریک بناتے ہیں جس میں وہ خود محوِ سفر ہیں۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ پرویز مظفر کی نظم نگاری میں یاد، تنہائی اور ذات کی پرتیں اس باریکی سے کھلتی ہیں کہ وہ نہ صرف ذاتی تجربہ بن کر رہتی ہیں بلکہ اجتماعی انسانی احساس کا نمائندہ بھی بن جاتی ہیں۔
پرویز مظفر کی نظموں میں ہجرت کا بیانیہ صرف جسمانی جغرافیے کی تبدیلی کا بیان نہیں بلکہ ایک گہرے وجودی صدمے، ثقافتی بیگانگی اور شناختی بحران کا اظہار ہے۔ وہ خود برمنگھم جیسے کثیرالثقافتی شہر میں مقیم رہے ہیں، جہاں مختلف نسلوں، زبانوں اور ثقافتوں کے لوگ آباد ہیں۔ ان کا مشاہدہ نہ صرف ذاتی ہے بلکہ تہذیبی اور اجتماعی بھی، جو ان کی نظموں کو تارکینِ وطن کے تجربے کا ایک معتبر ادبی حوالہ بنا دیتا ہے۔نظم ’بچھڑنے کا غم‘ میں شاعر ایک ایسے کردار کو پیش کرتا ہے جو اپنے گھر، رشتوں اور اصل پہچان سے کٹ کر ایک ترقی یافتہ ملک میں بے جڑ سا ہو چکا ہے۔شاعر لکھتا ہے:
ترقی یافتہ ملک میں رہتے ہوئے بھی، اپنی جڑوں سے کٹ کر کتنا اُجڑ گیا ہے
یہ مصرع اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ ہجرت صرف معاشی یا جغرافیائی تبدیلی نہیں بلکہ ایک تہذیبی شکست وریخت بھی ہے، جہاں انسان ترقی کی چکاچوند میں اپنا ماضی، رشتے اور حتیٰ کہ اپنی شناخت بھی کھو دیتا ہے۔ یہ تنہائی صرف جسمانی نہیں، بلکہ روحانی و ثقافتی بھی ہے۔نظم”سیہ بر سفید” میں تارکین وطن کے ساتھ ہونے والے نسلی امتیاز کو بے نقاب کیا گیا ہے۔ یہ نظم مغرب میں بسنے والے سیاہ فام یا مشرقی باشندوں کی اس کربناک شناختی جنگ کو بیان کرتی ہے جس میں رنگ اور نسل کی بنیاد پر انسان کی قدر و قیمت متعین کی جاتی ہے:
اُن میں کہاں کوئی عیب تھا/ ہم سیاہ فام ہی قصور وار ٹھیرے
یہ مصرعے بظاہر مختصر ہیں، مگر ان میں صدیوںپرانا استعماری تعصب، نیا مغربی منافقانہ رویہ اور جدید مہذب دنیا کی بے چہرہ نسل پرستی سمٹ آئی ہے۔ شاعر یہاں ایک اجتماعی احساسِ محرومی کو آواز دیتا ہے، جو لاکھوں تارکین وطن کی کہانی ہے۔ نظم”آخری منزل” ہجرت اور بے وطنی کے المیے کو ایک المناک اختتام کی صورت میں پیش کرتی ہے۔ یہاں زندگی ایک مسلسل سفر ہے، جو خوشی اور امید کی تلاش میں جاری ہے، لیکن انجام ایک سرد لاشے کی شکل میں سامنے آتا ہے:
سانس ٹوٹی وہاں پر / جس منزل پر /پہنچنا چاہتے تھے
یہ مصرعے صرف ایک المناک حادثے کی خبر نہیں بلکہ اس خواب کی بھی موت ہے جو تارکینِ وطن اپنے دل میں لیے نکلتے ہیں۔ ہجرت یہاں صرف جغرافیہ عبور کرنے کا عمل نہیں بلکہ ایک ایسا زخم ہے جس کے انجام میں اکثر امید کا خون ہوتا ہے۔ان تین نظموں کے اشعار ہمیں بتاتے ہیں کہ پرویز مظفر نے تارکین وطن کی داخلی کشمکش، اجنبیت کے احساس اور بے وطنی کے کرب کو محض بیانیہ یا شکایت کی صورت میں نہیں پیش کیا بلکہ اسے ایک فنکارانہ شعور، جذباتی تہذیب اور فکری گہرائی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ ان کے ہاں وطن کی جدائی ایک وجودی خلا پیدا کرتی ہے، جس میں فرد خود کو ٹوٹا ہوا، اجنبی اور بے سمت محسوس کرتا ہے۔
پرویز مظفر کی ہجرت سے جڑی شاعری محض فرد کی نفسیات نہیں، بلکہ ایک عالمی سچائی ہے؛وہ سچائی جس میں ترقی یافتہ دنیا کی چکاچوند، پناہ گزینوں کی کسمپرسی اور شناخت کی شکستہ بنیادیں مل کر ایک ایسا نوحہ تشکیل دیتی ہیں جو آج کی عالمی شاعری کا بھی حصہ ہے۔ ان کا یہ بیانیہ تارکین وطن کے لیے آئینہ، اور باقی دنیا کے لیے سوال ہے۔وقت اور اس کے ہاتھوں انسانی وجود کی بے بسی، بدلتے حالات کے ساتھ فرد کی شناخت کا دھندلا جانا، اور تغیر کی لہر میں انسانی قدروں، احساسات اور معصومیت کا بہہ جانا—یہ تمام عناصر پرویز مظفر کی شاعری میں بار بار اور گہرائی کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ وہ وقت کو محض ایک گزرنے والی شے نہیں سمجھتے، بلکہ اسے ایک طاقتور قوت کی صورت میں دیکھتے ہیں جو نہ صرف انسان کی خارجی دنیا کو بدلتی ہے بلکہ اس کی داخلی دنیا پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔نظم”ہنڈولا” میں وقت کو ایک بصری اور علامتی پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔شاعر کہتا ہے:
آنکھوں میں /ہینڈل سا جھولتا وقت…
یہ مصرعے ایک گہری بصیرت کا حامل ہیں۔”ہینڈل سا جھولتا” ہونا وقت کو معصومیت، یاد اور کرب کی مثلث میں جکڑ دیتا ہے۔ یہ استعارہ بچپن کی جھولتی یادوں کا بھی ہو سکتا ہے اور حال کی بے یقینی کا بھی۔ یہاں وقت ایک غیر یقینی اور بے قابو عنصر بن کر سامنے آتا ہے جو انسانی شعور پر مسلسل لرزش پیدا کرتا ہے۔ شاعر کی آنکھیں گویا وقت کے جھولے میں بندھی ہوئی ہیں، جو ماضی اور حال کے درمیان مسلسل جھول رہی ہیں۔نظم”رشتہ” میں وقت کے بہاؤ کو زندگی اور موت کے استعاروں کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ شاعر ایک ریلوے جنکشن کا منظرنامہ کھینچتا ہے جہاں زندگی اور موت ایک دوسرے سے متصادم مگر الگ الگ رفتار سے گزر رہی ہیں:
زندگی کو جلدی تھی / موت ٹہری ہوئی
یہ مصرعے انسانی بے بسی کا ایک بے مثال اظہاریہ ہیں۔ زندگی کی تیز رفتاری، اس کی بے ہنگم دوڑ، اور موت کی خاموش موجودگی ایک ساتھ موجود ہیں۔ وقت کی یہی دوہری جہت انسان کو حیران و پریشان کرتی ہے؛وہ دوڑ بھی رہا ہوتا ہے اور رُک بھی جاتا ہے؛ چاہتا کچھ ہے، ہوتا کچھ اور ہے۔ پرویز مظفر اس تضاد کو گہری علامتی زبان میں بیان کرتے ہیں۔نظم”پاٹھ شالا کے دروازے پر” میں وقت صرف عمر کے گزرنے کا نام نہیں بلکہ اقدار کی تبدیلی اور معصومیت کے زوال کی کہانی ہے:
اب خود غرضی ، چا لاکی ، نفرت کے شعلے / انتقام کی آگ
جلن بستے میں بھرتے چلے گئے /وقت کا پتہ جی نہ چلا
یہ مصرعے وقت کے غیر محسوس اور خاموش اثر کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ وہ بستہ جو کبھی محبت، صداقت اور معصوم خوابوں سے بھرا تھا، اب نفرت، چالاکی اور انتقام کے شعلوں سے دہکنے لگا ہے۔ شاعر نہ صرف وقت کے تغیر کو دکھا رہا ہے بلکہ یہ بھی کہہ رہا ہے کہ یہ تبدیلی انسانی اختیار سے باہر، خاموش اور غیر محسوس انداز میں وارد ہوتی ہے۔ان تینوں نظموں کا مجموعی مطالعہ بتاتا ہے کہ پرویز مظفر وقت کو ایک مرکزی علامت کے طور پر استعمال کرتے ہیں؛ایسا وقت جو نہ صرف گزرتا ہے بلکہ اپنے ساتھ سب کچھ بدل کر رکھ دیتا ہے۔ ان کے ہاں وقت کی لہر میں فرد کی معصومیت، اقدار، رشتے، شناخت سب بہہ جاتے ہیں۔ شاعر کا کرب اسی احساس سے پیدا ہوتا ہے کہ انسان اس تبدیلی کے خلاف کچھ نہیں کر پاتا؛ وہ صرف دیکھ سکتا ہے، سہہ سکتا ہے، اور کبھی کبھی… لکھ سکتا ہے۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ پرویز مظفر کی نظموں میں وقت اور انسانی بے بسی کے بیانیے نے ایک ایسا فکری نظام تشکیل دیا ہے جو نہ صرف ان کی ذاتی بصیرت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہماری اجتماعی تہذیبی صورتِ حال کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جو جھولتا بھی ہے، بھاگتا بھی ہے اور جلا دیتا ہے۔ اور انسان… صرف دیکھتا ہے۔
پرویز مظفر کی شاعری میں خارجی دنیا کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی سانحات کی عکاسی کے ساتھ ساتھ داخلی دنیا کی پیچیدہ، کربناک اور اکثر ناقابلِ اظہار کیفیات کا بیان بھی نہایت باریک بینی اور گہرائی کے ساتھ ملتا ہے۔ ان کی نظموں میں اندرونی تنہائی، ذہنی الجھن اور فرد کی اپنے ہی وجود سے جدوجہد ایک مستقل استعارہ بن کر ابھرتی ہے۔ شاعر کا یہ داخلی منظرنامہ اس دور کی علامت ہے جہاں انسان بظاہر آزاد ہے، مگر اندر سے الجھا، مقید اور تنہا۔ نظم”قیدی” میں شاعر نے نفسیاتی قید کی تصویر کشی کی ہے۔ یہ قید کسی جیل کی نہیں، بلکہ خود اپنے ذہن کے بنائے ہوئے دائرے کی ہے۔شاعر کہتا ہے:
ارادے سگریٹ کے دھوئیں میں / لپیٹے ہوئے
یہ مصرعے اس ذہنی الجھن کی علامت ہیہیںجہاں زندگی کے منصوبے اور ارادے غیر یقینی کے دھوئیں میں تحلیل ہو چکے ہیں۔ سگریٹ کا دھواں ایک طرف عارضی تسکین کی علامت ہے، دوسری طرف ناکامیوں، تھکن اور بے مقصدیت کا دھندلا عکس بھی۔ یہ وہ قید ہے جس میں انسان خود کو بند کر لیتا ہے اور باہر نکلنے کی کوشش کیے بغیر اس دھوئیں کو ہی اپنی حقیقت مان لیتا ہے۔نظم”پردہ” میں یاد، تنہائی اور داخلی خلش کی ایک لطیف مگر شدید کیفیت بیان کی گئی ہے۔ شاعر لکھتا ہے:
یادوں کے چھوٹے چھوٹے پردے / جب ہم نے ہٹائے / تم بہت یاد آئے
یہ مصرعے ذہنی سفر اور روحانی تنہائی کے عکس ہیں۔ یہاں یاد ایک تہہ در تہہ پردہ ہے، جو انسان کی باطنی دنیا پر پڑا ہوا ہے۔ شاعر جیسے ہی ان پردوں کو ہٹاتا ہے، ایک شخصیت، ایک چہرہ یا ایک احساس پوری شدت سے لوٹ آتا ہے۔ یہ یادیں محض نوستالجیا نہیں بلکہ ایک جذباتی گرفت ہیں جو فرد کو اس کی داخلی کشمکش میں واپس کھینچ لاتی ہیں۔اسی طرح نظم”دھواں” میں شاعر داخلی درد، دبے ہوئے احساسات اور وہ جذباتی چراغ پیش کرتا ہے جو بظاہر روشن ہے مگر اندر ہی اندر بجھ رہا ہے۔شاعر کہتا ہے:
یہ دھواں دیکھ رہیے ہیں سبھی / مگر آنسو / کب سے بجھا رہے اس چراغ کو
یہ ایک گہری علامت ہے؛دھواں وہ ہے جو سب کو نظر آتا ہے، یعنی دکھ، تناؤ یا اضطراب کی خارجی علامت، جبکہ آنسو ایک خاموش، نجی اور باطنی ردعمل ہے جو اس چراغ کو بجھا رہا ہے۔ یہاں شاعر انسانی جذبات کی اس کشمکش کو بیان کرتا ہے جو بظاہر نظر نہیں آتی، لیکن اندر ہی اندر انسان کو کھوکھلا کر رہی ہوتی ہے۔ان تینوں نظموں کا مشترکہ تجزیہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ پرویز مظفر کی شاعری میں داخلی تنہائی، ذہنی قید اور نفسیاتی الجھن کو محض جذباتی انداز میں نہیں بلکہ فکری اور علامتی سطح پر پیش کیا گیا ہے۔ وہ انسان کی اس باطنی صورت حال کو گرفت میں لاتے ہیں جو جدید معاشرے کی تیز رفتاری، ٹوٹتے رشتوں اور بڑھتی بے حسی کے نتیجے میں جنم لیتی ہے۔پرویز مظفر کا کمال یہ ہے کہ وہ ذہنی انتشار اور باطنی تشویش کو ایسے تخلیقی انداز میں شعر میں ڈھالتے ہیں کہ قاری کو اپنی داخلی کیفیتیں بھی نظر آنے لگتی ہیں۔ ان کی شاعری نہ صرف ذاتی تجربے کا اظہار ہے بلکہ ایک اجتماعی نفسیاتی بحران کا بیانیہ بھی ہے؛جہاں ہر فرد، خود میں قید، خاموشی میں گم اور ایک دھوئیں میں لپٹے چراغ کی مانند جلتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
پرویز مظفر کی نظموں میں جہاں خارجی ظلم، داخلی تنہائی اور ہجرت کی اذیت پر گفتگو ملتی ہے، وہیں ایک نہایت اہم پہلو وجودی سوالات اور معاشرتی بندشوں کا بھی ہے۔ ان کی شاعری محض اظہارِ درد نہیں، بلکہ ایک فکری احتجاج، ایک متحرک سوال اور ایک اندرونی اضطراب کی بازگشت ہے۔ وہ اپنے قاری کو محض دکھانے کے لیے منظرنامے پیش نہیں کرتے بلکہ جھنجھوڑنے، چونکانے اور سوچنے پر مجبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔نظم “استفسار” میں شاعر ایک ایسے وجود کی آواز بن کر سامنے آتا ہے جو معاشرے کی بند دروازوں، امتیازی رویّوں اور نام نہاد تہذیبی نظام میں اپنے لیے جگہ تلاش کرنے کی سعی کرتا ہے، لیکن ہر بار ناکامی کا سامنا کرتا ہے:
ہر اُس راستے پر / جس سے گزرنا چاہا / نو انٹری کا بورڈ دکھائی دیا
یہ مصرعے صرف ایک استعارہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی تجربہ ہے؛ہر وہ فرد جو اپنی ذات، شناخت، یا سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے، وہ معاشرتی ساختوں کے”نو انٹری” بورڈ سے ٹکرا جاتا ہے۔ یہاں شاعر انسانی وجود کو محدود، مقید اور مشروط دکھاتا ہے، گویا معاشرہ فرد کو اپنی مرضی سے جینے کی اجازت ہی نہیں دیتا۔نظم”ہمارے ساتھ چل” میں شاعر معاشرتی جمود کے خلاف بغاوت کی تحریک دیتا ہے۔ وہ فرد کو خواب، ماضی اور افسوس کے خول سے باہر نکلنے کی دعوت دیتا ہے:
کب تک لاپتہ رہے گا؟ / باہر نکل/ شجر کے تیرہ پتے بدل
یہ ایک وجودی للکار ہے؛فرد سے کہا جا رہا ہے کہ وہ صرف ماضی کے نوحے نہ گاتا رہے بلکہ عمل کرے، سوچ بدلے اور نئی دنیا کی تعمیر میں شامل ہو۔”تیرہ پتے” ایک گہرے استعارے کے طور پر معاشرے کی گمشدہ امیدوں اور مرجھائے نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جنہیں بدلنے کی ضرورت ہے۔ شاعر یہاں صرف صورتِ حال بیان نہیں کرتا بلکہ تبدیلی کا تقاضا بھی کرتا ہے۔اسی طرح نظم”کرونا” جو بظاہر وبا کی روداد ہے، دراصل ایک گہری وجودی کیفیت کا اظہار بن جاتی ہے۔ شاعر کہتا ہے:
مگر نا جانے کیوں اور کیسے / اسے اٹھاے ہوے ہم/ چلے جا رہے ہیں / اس سفر پر
یہ سوال محض بیماری یا وبا سے متعلق نہیں، بلکہ پوری انسانی زندگی کے بوجھ، دکھ اور اضطراب کی طرف اشارہ ہے۔”کیوں” اور”کیسے” جیسے الفاظ فرد کے اس گہرے اضطراب کی علامت ہیں جو اسے اپنے وجود، اپنی بے حسی اور زمانے کے بے رحم تقاضوں سے لاحق ہے۔ شاعر گویا قاری سے یہ سوال بھی کرتا ہے اور خود سے بھی کہ آخر ہم اس اذیت کو کیوں ڈھوتے جا رہے ہیں؟ان اشعار کے تناظر میں پرویز مظفر کی شاعری کو ایک ایسے بیانیے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے جو فرد کے وجود، معاشرتی حدود اور انسانی بیداری کی درمیانی سرحد پر کھڑا ہے۔ وہ شاعر جو خود مغربی معاشرے میں جیتا ہے، اپنے مشاہدات کو صرف نوحہ یا تصویر کی شکل میں پیش نہیں کرتا بلکہ ان میں سوال، احتجاج اور تبدیلی کا امکان بھی شامل کر دیتا ہے۔
ان کی نظموں میں سوالات محض فکری مشق نہیں بلکہ ایک ادبی مزاحمت ہیں؛جو سماج کی روایتی قدروں، بند دروازوں اور مسلط کردہ راستوں پر سوال اٹھاتی ہیں۔ وہ شاعری جو عام طور پر جذباتی تسکین کا ذریعہ سمجھی جاتی ہے، پرویز مظفر کے ہاں ایک فکری ارتعاش اور سماجی تحریک بن جاتی ہے۔یوں پرویز مظفر کی نظموں میں وجود، معاشرہ اور سوال کی جو ہم آہنگی ہے، وہ ان کی شاعری کو محض فن نہیں بلکہ شعور، جدوجہد اور سوال کی زندہ روایت کا تسلسل بناتی ہے۔
پرویز مظفر کی نظم نگاری میں جہاں ایک طرف ظلم، داخلی کرب اور وجودی سوالات کی گہری پرتیں ہیں، وہیں دوسری طرف جمالیاتی شعور، محبت کی لطافت اور جذبوں کی نزاکت بھی ان کی تخلیقی فکر کا اہم پہلو ہے۔ ان کی شاعری صرف احتجاج یا کرب کی بازگشت نہیں بلکہ وہ جذباتی اور جمالیاتی لمحے بھی پیش کرتی ہے جو انسانی وجود کو مکمل کرتے ہیں۔ ان کے یہاں حسن اور محبت محض عشقیہ موضوعات نہیں بلکہ وہ جذباتی ہم آہنگی ی،یادداشت اور جمالیاتی تجربے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔نظم”چہرہ چمکتا ہے” میں شاعر ایک بظاہر سادہ مگر نہایت پراثر تضاد پیش کرتا ہے:
مگر ان خشک آنکھوں میں / بے شک آنسوں نہ ہوں/ مگر چہرہ چمکتا ہے تمہارا
یہ مصرعے ایک ایسی کیفیت کی عکاسی کرتا ہے جہاں درد اور حسن بیک وقت موجود ہیں۔ خشک آنکھیں داخلی صبر یا جذباتی تھکن کی علامت ہیں، جب کہ محبوب کا”چمکتا چہرہ” حسن کی ایک روشن علامت ہے جو تمام تر دکھ کے باوجود دل کو روشن کرتا ہے۔ یہاں محبت ایک روحانی جمال کی صورت اختیار کر لیتی ہے، جو آنسوؤں کے بغیر بھی آنکھوں میں جگمگاتی ہے۔ نظم ”چاندنی راتوں میں” میں شاعر محبت اور جدائی کی ملی جلی کیفیت کو بہت لطیف انداز میں بیان کرتا ہے:
غم کچھ کم / پلکیں پھر بھی نم
یہ مصرعے اس باریکی سے بنے ہوئے جذباتی تانے بانے کی عکاسی کرتے ہیں جو پرویز مظفر کی شاعری کی شناخت ہے۔ غم کے کم ہو جانے کے باوجود آنکھوں کا نم رہ جانا اس بات کی علامت ہے کہ محبت کی شدت محض جسمانی یا وقتی نہیں بلکہ ایک مسلسل جذباتی وابستگی ہے، جو وقت گزرنے کے باوجود مدھم نہیں ہوتی۔ شاعر یہاں نہ تو نوحہ پیش کرتا ہے، نہ مکمل سکون، بلکہ ان دونوں کے درمیان کی اس کیفیت کو بیان کرتا ہے جو محبت کی اصل روح ہے۔نظم”زندگی” میں شاعر حسن، خوشی اور نغمگی کو زندگی کی ایک مسلسل حرکت اور گہری معنویت کے طور پر پیش کرتا ہے:
کبھی جل ترانگ بجانا / نئے نئے خواب دکھانا /کبھی / خوشیوں کی دھن پر /خوبصورت گیت گانا
یہ مصرعے زندگی کی اس جمالیاتی جہت کو نمایاں کرتے ہیں جس میں خوشی، نغمگی اور رنگینی سب شامل ہیں۔”جل ترنگ” ایک نہایت نفیس اور لطیف موسیقی کی علامت ہے، جو شاعر کی جمالیاتی حساسیت کو ظاہر کرتی ہے۔ یہاں محبت اور خوشی صرف جذباتی ردِ عمل نہیں بلکہ فنکارانہ تجربہ بھی ہیں۔پرویز مظفر زندگی کو ایک رقص، ایک ترنگ، ایک تغزل کی صورت میں دیکھتے ہیں؛جہاں خوشی بھی فنی اظہار ہے اور غم بھی۔ان تینوں نظموں سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ پرویز مظفر کی شاعری صرف اندوہ، بیگانگی یا احتجاج کا نام نہیں بلکہ وہ محبت، حسن اور جذبات کی جمالیاتی وسعتوں کو بھی نہایت سلیقے سے برتتے ہیں۔ ان کی نظموں میں محبت محض عشقیہ واردات نہیں بلکہ انسانی احساسات کی تخلیقی اور روحانی توسیع ہے۔ان نظموں میں، اُن کی شاعری ہمیں ایک ایسے جمالیاتی جہان سے متعارف کراتی ہے جہاں یادیں چمکتی ہیں، محبت پلکوں پر رکی رہتی ہے اور زندگی ایک گیت کی صورت بہتی رہتی ہے۔ یہی تنوع اور گہرائی پرویز مظفر کو محض ایک احتجاجی شاعر نہیں بلکہ ایک مکمل انسانی تجربے کا شاعر بناتی ہے، جو جمال، جذبہ اور گہری فکری بصیرت کو ایک تخلیقی کینوس پر پیش کرتا ہے۔
پرویز مظفر کی نظموں میں انسان کا داخلی و خارجی وجود بار بار فن اور زندگی کے تماشے سے ٹکراتا ہے۔ ان کے ہاں”تماشا” محض ایک سماجی منظر نہیں، بلکہ زندگی کے اسٹیج پر انسان کے مختلف کرداروں کی تفہیم ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ وہ فن کے منصب کو بھی بیان کرتے ہیں کہ فن محض تفریح نہیں بلکہ تنقیدی شعور، داخلی بیداری اور سماجی آگہی کا آئینہ ہے۔ وہ اپنے قاری کو نہ صرف دنیا کی ریاکاری سے باخبر کرتے ہیں بلکہ فن کی معنویت اور شاعر کے منصب کا شعور بھی پیدا کرتے ہیں۔نظم”تماشا” میں شاعر نے انسانی زندگی کو ایک تماشائی اور اداکارانہ تجربہ بنا کر پیش کیا ہے، جہاں انسان دنیا کے مطالبات اور حالات کے تحت مختلف کردار ادا کرتا ہے۔شاعر لکھتا ہے:
کالا پیلا گھوٹالہ /خود کو ویسے ہی ڈھالا جیسے…………….
یہ مصرعے خود آگہی کے اُس پہلو کو نمایاں کرتے ہیں جہاں فرد اپنی اصل شناخت کھو کر دنیا کی توقعات، دھوکہ دہی اور ریاکاری کے مطابق خود کو ”ڈھال” لیتا ہے۔ یہاں”کالا پیلا گھوٹالہ” محض مالی یا سماجی بدعنوانی کا ذکر نہیں بلکہ وجودی انحراف، کردار کی تبدیلی اور خودی کی شکست کا استعارہ ہے۔ شاعر اس مصرع میں انسان کی منافقت پر چوٹ کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ فنکار یا عام انسان، وقت کے تقاضوں میں کس طرح اپنی اصل روح سے دور ہوتا جاتا ہے۔نظم”دھواں” ایک اور زاویے سے انسان کے اندر چھپے فن، جذبات اور آگہی کی جھلک پیش کرتی ہے۔ شاعر کہتا ہے:
اپنے آپ میں / روک کر کبھی / جو پل بھر کو دیکھا اُدھر / تو پایا وہ دل جو شعلہ تھا کبھی
یہ مصرعے خود آگہی کا ایک نازک لمحہ ہیں۔ شاعر ایک لمحے کے لیے ٹھہرتا ہے، خود کو ٹٹولتا ہے اور ماضی کے شعلہ زن جذبوں کو تلاش کرتا ہے؛وہ جذبے جو اب شاید راکھ یا دھواں بن چکے ہیں۔ یہ داخلی احتساب کا لمحہ ہے، جہاں فنکار خود سے سوال کرتا ہے کہ وہ کہاں سے آیا تھا اور اب کہاں کھڑا ہے۔”شعلہ” وہ تخلیقی ولولہ ہے جو وقت کے ساتھ دھندلا گیا ہے، مگر موجود ہے؛یہی فن کا جادو اور وجود کی گہرائی ہے۔نظم”تنقید کا چکر ویو” فن اور تنقید کے درمیان تعلق پر ایک گہری نظم ہے۔ یہاں شاعر نے فن پارے، خصوصاً افسانے کو مجسم پیکر بنا کر وادیِ تنقید میں اتارا ہے، جہاں وہ طنز و تشنیع کا نشانہ بنتا ہے۔شاعر بیان کرتا ہے:
اور نظم / اسے دلاسہ دیتی رہی
یہ مصرعے شاعری اور فن کی نجات بخش قوت کی علامت ہیں۔ جب افسانہ، یعنی ایک تخلیقی اظہار، تنقید کی زد میں آ کر زخمی ہوتا ہے تو”نظم” اسے تسلی دیتی ہے۔ یہ نہ صرف فنکارانہ ہم آہنگی کا اظہار ہے بلکہ یہ باور کرواتا ہے کہ شاعری صرف لطافت یا تفریح نہیں بلکہ درد کی مرہم، سچائی کی آواز اور فنکار کی رفیق ہے۔ان تینوں نظموں کی روشنی میں پرویز مظفر کی نظم نگاری فن کی معنویت، انسانی کردار کے مصنوعی پن اور خود آگہی کی پیچیدگیوں کو ایک بھرپور تخلیقی انداز میں پیش کرتی ہے۔ وہ زندگی کو تماشہ تو کہتے ہیں، لیکن یہ تماشہ محض ظاہری رنگینیوں کا نہیں، بلکہ اس میں کردار، سچ، جھوٹ، چہرے اور نقاب سب کچھ شامل ہے۔ وہ شاعری کو محض لفظوں کا کھیل نہیں سمجھتے بلکہ ایک ایسا عمل گردانتے ہیں جو زخم بھی دیتا ہے اور مرہم بھی۔گویا پرویز مظفر کے ہاں فن، تماشا اور خود آگہی ایک تثلیثی رشتہ ہے؛جہاں تماشا انسان کو خود سے دور کرتا ہے، فن اُسے واپس اپنی ذات کی طرف بلاتا ہے اور خود آگہی اُسے اپنی سچائیوں سے روشناس کرواتی ہے۔ ان کے اشعار میں یہ مکالمہ نہایت شدت اور صداقت کے ساتھ جاری رہتا ہے، جو قاری کو خود بھی اپنی زندگی کے اسٹیج پر کردار کا تعین کرنے پر مجبور کرتا ہے۔
پرویز مظفر کی نظموں میں جہاں ایک طرف تاریکی، زوال، ہجرت، بے وطنی اور داخلی کشمکش کی تلخیاں چھائی رہتی ہیں، وہیں دوسری طرف امید، روشنی اور نیکی کی دبی دبی چمک بھی نمایاں ہوتی ہے۔ ان کی شاعری مکمل یاس یا مایوسی کا بیانیہ نہیں ہے، بلکہ وہ دکھ کے اندھیروں میں بھی ایک ایسا نرم مگر مستحکم نور دکھاتے ہیں جو انسان کو جینے، بدلنے اور بہتر ہونے کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہی وہ پہلو ہے جو پرویز مظفر کو محض مزاحمت یا ماتم کا شاعر نہیں، بلکہ تخلیقی رجائیت (creative optimism) کا ترجمان بھی بناتا ہے۔نظم”روشنی” میں شاعر زندگی کی تلخیوں، دکھوں اور اندھیروں کے باوجود امید کے امکانات کو قائم رکھتا ہے۔ وہ کہتا ہے:
ہم اندھیرے سے دوستی کر لیں / دل کا کہرا تو ذرا چھٹنے دو
یہ مصرعے گہری معنویت کے حامل ہیں۔ شاعر نہ صرف اندھیرے کو تسلیم کر رہا ہے بلکہ اس کے ساتھ جینے کی بات بھی کر رہا ہے۔ مگر یہ تسلیم شکست نہیں بلکہ منتظر روشنی کی ایک تدبیر ہے۔”دل کا کہرا” وہ داخلی الجھن یا کرب ہے جس کے چھٹنے کے بعد امید کی روشنی پھوٹنے کا امکان پیدا ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا بیانیہ ہے جو قاری کو سکھاتا ہے کہ اندھیرا بھی مستقل نہیں اور صبر، برداشت اور یقین کے ساتھ روشنی کی طرف پیش قدمی ممکن ہے۔نظم ”انسان نیک رہا” میں شاعر وقتی اخلاقی بیداری کو موضوع بناتا ہے:
چھا برا سب ایک رہا /اس رمضان میں انسان نیک رہا
یہ مصرعے ایک تضاد اور امید کی آمیزش ہیں۔ رمضان کے مہینے میں انسان کی نیکی محض وقتی سہی، مگر شاعر اسے نوٹ کرتا ہے اور اُسے ایک بہتر امکانی کردار کی شکل میں دیکھتا ہے۔ گویا شاعر اس وقتی نیکی میں بھی ایک ممکنہ دائمی تبدیلی کی کرن تلاش کرتا ہے۔ یہاں نیکی محض مذہبی شعار نہیں، بلکہ انسانی تہذیب و شائستگی کی علامت ہے، جو کسی بھی وقت ایک نئی سماجی لہر کی بنیاد بن سکتی ہے۔اسی طرح نظم”پیلے پتے” میں موسمی اور فطری تمثیل کے ذریعے زندگی کے تجدیدی امکانات کو واضح کیا گیا ہے:
نئے پتے پھر نکل آتے ہیں /اپنا احساس دلاتے ہیں / شاخوں پر مسکراتے ہیں
یہ مصرعے نہ صرف فطرت کی تجدیدی قوت کیاستعارے ہیں بلکہ انسانی حیات کی علامتیں بھی ہیں۔ خزاں کے بعد بہار آتی ہے اور انسان کی زندگی بھی ایسی ہی گردشِ ایام کی تابع ہے۔ زوال کے بعد نئے امکانات، نئی امیدیں اور نئی توانائیاں جنم لیتی ہیں۔ شاعر یہاں فرد اور معاشرے دونوں کے لیے تجدید، تخلیقِ نو اور روحانی بحالی کا تصور پیش کرتا ہے۔ان نظموں میں جو مشترکہ رجحان ابھرتا ہے، وہ یہ ہے کہ پرویز مظفر کے ہاں مایوسی کی زمین پر امید کا پودا ہمیشہ موجود رہتا ہے۔ ان کی نظموں میں اندھیرے محض حتمی حقیقت نہیں بلکہ ایک عبوری مرحلہ ہیں، جنہیں عبور کیا جا سکتا ہے؛بس دل کا کہرا چھٹنے کی دیر ہے۔یہ بھی قابلِ غور ہے کہ ان کی امید محض تصوراتی یا رومانوی نہیں بلکہ وہ زندگی کے سخت ترین حقائق سے گزرتے ہوئے پیدا ہونے والی امید ہے، جو زیادہ پائیدار اور حقیقت پسندانہ ہے۔ نظم “روشنی” کی روشنی ہو یاپیلے پتوںکی واپسی، یہ سب متبادل امکانات کا اظہاریہ ہیں؛کہ زوال کے بعد امید اور بربادی کے بعد نیکی، ممکن ہے۔
پرویز مظفر کی شاعری ہمیں سکھاتی ہے کہ انسان جب داخلی روشنی تلاش کر لیتا ہے تو وہ معاشرتی اور اخلاقی تاریکی میں بھی شمع روشن کر سکتا ہے۔ ان کی رجائیت محض فرد کے لیے نہیں، بلکہ اجتماعی سطح پر ایک اخلاقی و روحانی تبدیلی کا مقدمہ بھی ہے۔ گویا، پرویز مظفر کی نظم نگاری میں امید، روشنی اور نیکی محض نظریاتی تصورات نہیں بلکہ وہ عملی رویے اور قابلِ حصول امکانات کے طور پر سامنے آتے ہیں، جو ان کی شاعری کو انسان دوست، بیدار مغز اور جمالیاتی سطح پر پختہ بناتے ہیں۔
پرویز مظفر کی نظم نگاری اپنے اندر ایک وسیع فکری کینوس، موضوعاتی تنوع اور جمالیاتی ہم آہنگی لیے ہوئے ہے۔ ان کی نظموں کا مطالعہ واضح کرتا ہے کہ وہ محض لفظوں کے بازی گر نہیں، بلکہ عصری آشوب، داخلی اذیت، سماجی ناانصافی اور انسانی بحران کے حساس نباض ہیں۔ ان کی شاعری میں نہ تو سطحی جذباتیت کا غلبہ ہے، نہ ہی کسی خاص سیاسی یا تہذیبی مکتب فکر کی سخت گیر وابستگی، بلکہ وہ اپنی ذات اور ماحول دونوں کے بیچ ایک فکری پل بناتے ہیں، جہاں قاری نہ صرف حالات کی کڑواہٹ محسوس کرتا ہے بلکہ تخلیقی تاثر اور داخلی روشنی بھی پاتا ہے۔موضوعاتی سطح پر ان کی شاعری انتہائی متنوع ہے؛فلسطین کی تباہی ہو یا گرین فیلڈ کے سانحے پر خاموش احتجاج، کرونا کی اجتماعی ہزیمت ہو یا ذاتی تنہائی کی کسک، ہجرت کا کرب ہو یا یادوں کا بوجھ؛ہر تجربہ ان کے ہاں تازہ لفظ، نیا استعارہ اور بھرپور تاثر کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ ان کی نظموں میں مزاحمت، یاد، وقت، داخلی کشمکش، تنہائی، شناخت، خواب، احتجاج اور روشنی سب اپنی مخصوص فضا کے ساتھ موجود ہیں۔
اسلوبیاتی سطح پر پرویز مظفر نے سہل ممتنع، علامتی اظہاریہ اور مکالماتی ساخت کو خوبی سے برتا ہے۔ ان کے ہاں بیان کا سادہ پن دراصل ایک تخلیقی گہرائی کا آئینہ دار ہے۔ ان کی زبان اگرچہ رواں اور سادہ ہے، مگر اس میں موجود تصویریت، صوتی توازن اور احساس کی شدت قاری کو بے ساختہ متوجہ کرتی ہے۔ ان کا طرزِ اظہار نہ صرف عصری فکری مزاحمت کو مجسم کرتا ہے بلکہ شاعری کے جمالیاتی وقار کو بھی برقرار رکھتا ہے۔
برمنگھم کا کثیر الثقافتی اور مہاجر پس منظر ان کی شاعری میں ایک انوکھا تناظر پیدا کرتا ہے۔اپنی شناخت، تہذیب اور ماضی سے جڑے رہنے کی تڑپ، جب ایک مغربی شہر کے نفع بخش مگر سرد ماحول سے ٹکراتی ہے، تو شاعر کی آواز ایک اجتماعی، مہاجرتی تجربے میں ڈھل جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے اشعار صرف برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کے نہیں بلکہ عالمی سطح پر جبر و تنہائی جھیلنے والے انسانوں کے نمائندہ بیانات بن جاتے ہیں۔
جہاں تک مستقبل کے امکانات کا تعلق ہے، پرویز مظفر کی نظم نگاری میں موجود سچائی کی جرات، جذبے کی صداقت اور اظہار کی تہذیب اس بات کی نوید دیتی ہے کہ ان کا شعری سفر آگے چل کر مزید گہرائی، وسعت اور اثر انگیزی اختیار کرے گا۔ ان کے ہاں جو رجائیت اور اندرونی شعلہ موجود ہے، وہ انہیں مستقبل میں مزید مؤثر، باشعور اور عالمی سطح پر قابلِ توجہ شاعر بنا سکتا ہے۔ بالآخر، پرویز مظفر کی شاعری ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ ادب کا اصل منصب صرف بیان نہیں، بلکہ بیداری، مکالمہ اور مزاحمت ہے؛ایسا مزاحمتی عمل جو جمالیاتی ہو، سنجیدہ ہو اور دل سے نکلا ہو۔ ان کی نظم نگاری اسی راستے پر ایک پُرعزم، معتبر اور باوقار قدم ہے۔