ڈاکٹر خالد سہیل

کینیڈا

 ڈاکٹر خالد سہیل بیک وقت ماہرِ نفسیات، افسانہ نگار، ناول نگار، شاعر اور مترجم ہیں۔ وہ 9 جولائی 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد پروفیسر عبدالباسط معروف ماہرِ تعلیم تھے، جو 1947 میں امرتسر سے لاہور آئے اور پھر 1954 میں کوہاٹ منتقل ہوگئے، جہاں وہ گورنمنٹ کالج کوہاٹ میں ریاضی کے استاد رہے۔ڈاکٹر خالد سہیل نے ابتدائی تعلیم پشاور سے حاصل کی اور بی ایس سی کے بعد 1974 میں خیبر میڈیکل کالج، پشاور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی۔ ایک سال ہاؤس جاب کے بعد وہ ایران گئے اور پھر 1977 میں کینیڈا کی میموریل یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ 1983 میں انہوں نے ایف آر سی پی کی سند حاصل کی اور مختلف ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے کے بعد اپنی کریٹو سائیکو تھراپی کلینک قائم کی، جہاں 1985 سے آج تک مریضوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔

پیشہ ورانہ میدان میں ڈاکٹر خالد سہیل نے بطور ماہرِ نفسیات اپنی شناخت بنائی، لیکن ان کی شخصیت کا تخلیقی پہلو بھی اتنا ہی نمایاں ہے۔ اردو ادب سے گہری وابستگی کے باعث ان کے افسانے، کالم، شاعری اور تراجم وقتاً فوقتاً مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ان کے افسانوں میں نفسیاتی مشاہدہ اور انسانی باطن کی گہرائیوں کو سمجھنے کی کوشش نمایاں ہے۔ اسی طرح انہوں نے نفسیاتی بشریات پر بھی کام کیا اور “انفرادی اور معاشرتی نفسیات” جیسے موضوعات پر کتابیں تحریر کیں۔ دنیا کے مختلف ادب اور لٹریچر سے متاثر ہو کر انہوں نے کئی اہم تراجم بھی کیے۔

اب تک ڈاکٹر خالد سہیل کی اردو اور انگریزی میں تقریباً 66 کتابیں شائع ہو چکی ہیں، جن میں فکشن، شاعری، تراجم اور نفسیاتی مسائل پر مبنی کتابیں شامل ہیں۔ ان کا شمار ان تخلیق کاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ادب میں بھی نمایاں مقام پیدا کیا۔

:افسانوی مجموعے

زندگی میں خلا (1986) دو کشتیوں میں سوار (1990)

ٹوٹا ہوا آدمی (1992)  دریا کے اُس پار (1995)

دھرتی ماں اداس ہے (1999)     

:تراجم

خدا، ایمان، انسان (1987)    مغربی عورت، ادب اور زندگی (1988)

کالے جسموں کی ریاضت (1990)ورثہ (دنیا کی لوک کہانیاں، 1995)

سوغات (مختلف ممالک کی لوک کہانیاں، 1995)

پنجابی کتاب: ایک پیروج زنجیر (1994)

:نمایاں انگریزی تصانیف

Breaking The Cycle (افسانے، 1986)

Encounters with Depression (1988)

Growing Alone, Growing Together (1989)

From One Culture to Another (1990)

Mixed Marriage (1993)

A Broken Man (ناول، 1993)

Strangers Car (1995)

Schizophrenia: Accepting a Challenge (1996)

Pages of My Heart (شعری مجموعہ، 1997)

Therapeutic Encounters

From Islam to Secular Humanism (2001)

ڈاکٹر خالد سہیل کی شخصیت علم، ادب اور تخلیق کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ وہ بیک وقت انسانوں کے ذہنی و نفسیاتی مسائل کا معالج بھی ہیں اور انسانی رُوح کے جذبات و احساسات کے ترجمان بھی۔ یہی دوہرا رنگ انہیں اپنے معاصرین میں منفرد بناتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔