ڈاکٹر پرویز پروازی

سویڈن

 ڈاکٹر پرویز پروازی، جن کا اصل نام ناصر احمد خاں تھا، اردو ادب، تحقیق، تنقید اور ترجمے کے معتبر نام ہیں۔ وہ 20 اکتوبر 1936 کو پیدا ہوئے۔ ادب کی دنیا میں انھوں نے “پرویز پروازی” کے قلمی نام سے شہرت پائی۔1958 میں انہوں نے تعلیم الاسلام کالج، ربوہ سے بی اے اور 1960 میں پنجاب یونیورسٹی، اورینٹل کالج لاہور سے ایم اے (اردو) کی ڈگری فرسٹ کلاس میں حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم کے دوران ان کی ادبی و تنقیدی صلاحیتیں نمایاں ہو چکی تھیں، جنہیں مزید جِلا اس وقت ملی جب انہوں نے پروفیسر وقار عظیم کی زیرِ نگرانی تحقیقی مقالہ لکھا:

“اردو ناول: نذیر احمد سے مرزا ہادی رسوا تک”

اسی تحقیق پر انھیں پی ایچ ڈی کی سند عطا ہوئی۔

1960 میں انہوں نے تدریسی زندگی کا آغاز گورنمنٹ ڈگری کالج مظفر گڑھ سے کیا۔ ایک سال بعد وہ تعلیم الاسلام کالج میں لیکچرر مقرر ہوئے، اور جلد ہی ترقی پاکر پروفیسر بن گئے۔1975 میں انھیں اوساکا یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز (جاپان) میں اردو کے وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے مدعو کیا گیا، جہاں وہ 1979 تک تدریسی خدمات انجام دیتے رہے۔پاکستان واپسی کے بعد انہوں نے مختلف کالجوں میں تدریس جاری رکھی اور 1987 میں گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں ایم اے اردو کے طلبہ کو پڑھانے لگے۔1990 میں وہ سویڈن منتقل ہو گئے جہاں وہ اپسالا یونیورسٹی سے منسلک ہوئے اور بعد ازاں سویڈن کی شہریت اختیار کی۔

ڈاکٹر پرویز پروازی نے ادب، تنقید، ترجمہ اور تحقیق میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی نمایاں تصانیف درج ذیل ہیں

1۔ذکرِ اردو (1964): تعلیم الاسلام کالج میں اردو کانفرنس میں پڑھے گئے مقالات کا مجموعہ

2۔خوبصورت جاپان اور میں (1975): نوبیل انعام یافتہ جاپانی ادیب کاواباتا یاسوناری کے لیکچر کا اردو ترجمہ

3۔جاپان کا سب سے لمبا دن (1979): تاریخی تناظر پر مبنی ترجمہ

4۔ہائیکو (1979): جاپانی ہائیکو نظموں کا اردو ترجمہ، ممکنہ طور پر اردو میں پہلا مستند مجموعہ

5۔سورج کے ساتھ ساتھ (1980): جاپان کا سفرنامہ

6۔آکی مے (ناول): ہیروشیما کی تباہی کے پس منظر پر مبنی ناول (اس کا جاپانی ترجمہ بھی شائع ہوا)

7۔سویڈن کی لوک کہانیاں (1966): سویڈن کی عوامی حکایات کا ترجمہ

8۔صدائے آب (1997): اردو جرائد میں شائع ہائیکو تنقید پر مضامین کا مجموعہ

تحقیقی مقالہ (غیر مطبوعہ)

9۔سر ظفراللہ خاں کا تحریکِ آزادی ہند میں حصہ (1941–1947): ایک اہم تاریخی موضوع پر مبنی تحقیق۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔