تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس میں طالبِ علم نے نہایت خوبصورت انداز میں قرآنِ پاک کی آیات پیش کیں۔ اس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ جس نے فضا کو پرنور کر دیا۔ پرنسپل صاحب نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا:
“آج کے نوجوانوں کو اقبالؒ کی تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ اگر ہم اپنے مقاصد میں کامیابی چاہتے ہیں تو ہمیں اقبالؒ کے فلسفہ خودی اور عمل کی روش پر چلنا ہوگا۔”
اس تقریب کا سب سے اہم حصہ تقریری مقابلہ تھا۔ جس میں مختلف جماعتوں کے طلبا نے شرکت کی۔ مقررین نے “علامہ اقبال کا پیغام نوجوانوں کے نام”، “اقبالؒ اور تصورِ پاکستان” اور “فلسفہ خودی کی اہمیت” جیسے موضوعات پر ولولہ انگیز تقاریر کیں۔
:ایک مقرر نے کہا
“اقبالؒ کا خواب ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر اپنی شناخت کو پہچانا جائے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوا جائے۔”
طلبا نے علامہ اقبال کی اردو اور فارسی شاعری سے اقتباسات پیش کیے۔ جس سے سامعین میں جوش و ولولہ پیدا ہوا۔
یومِ اقبال کی تقریب میں طلبا نے “خودی کو کر بلند اتنا” اور “لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری” جیسے ملی نغمے پیش کیے۔ اس کے علاوہ، طلبا نے کلامِ اقبالؒ کو خوبصورت انداز میں پڑھ کر سامعین کو مسحور کر دیا۔
:خاص طور پر جب یہ اشعار گونجے
“ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں”
تو پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
تقریب میں ٹیبلو بھی پیش کیا گیا، جس میں علامہ اقبالؒ کے خواب، تحریکِ آزادی، اور پاکستان کے قیام کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔ اس ٹیبلو میں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور دیگر رہنماؤں کی جدوجہد کو دکھایا گیا، جو کہ ایک یادگار لمحہ ثابت ہوا۔
مہمانِ خصوصی، جو کہ ایک معروف ماہرِ تعلیم تھے، نے اپنے خطاب میں کہا
“اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو نوجوانوں کو علم، محنت اور کردار سازی کو اپنانا ہوگا، یہی اقبالؒ کا اصل پیغام ہے۔”
انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اقبالؒ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں عملی طور پر نافذ کریں، اور ایک بہتر قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
پرنسپل صاحب نے تقریب کے اختتام پر اساتذہ اور طلبا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ہمارے اندر ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کرنے میں کامیاب رہی۔ آخر میں علامہ اقبالؒ کے لیے ایصالِ ثواب کی دعا کی گئی اور یہ عہد کیا گیا کہ ان کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیا جائے گا۔