انگریزی ادب کے مشہور ڈرامہ نگار ولیئم شیکسپیئر کی 400ویں برسی کے موقع پر ان کے 37 ڈراموں پر مختصر فلموں کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس مختصر ڈراموں کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے اداکاروں کو اپنے مکالمے فلمانے کے لیے دنیا بھر ان مقامات پر بھیجا گیا ہے جن کا ذکر ڈراموں میں کیا گیا ہے۔

شیکسپیئر کے پرستار اب ڈراموں میں قلوپطرہ کو حقیقی مصر، جولیئس سیزر کو روم کے رومن فورم اور ہیملٹ کو ڈنمارک کے شہر ایلسی نور میں دیکھ سکیں گے۔

دس منٹ دورانیے کی یہ فلمیں 23 اور 24 اپریل سنہ 2016 کو لندن میں دریائے ٹیمز کے کنارے نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

منصوبے کا خیال پیش کرنے والے اور شیکسپیئر گلوب کے آرٹسٹک ہدایت کار ڈومینیک ڈرومگول کا کہنا ہے ’یہ دیکھنا ایک عظیم بات ہے کہ شیکسپیئر کو کس طرح بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور پوری دنیا نے انھیں کس طرح اپنایا ہے۔‘

اُن کا کہنا ہے کہ تمام فلمیں ہر ڈرامے کا ’مکمل خلاصہ‘ ہوں گی اور ان میں اُن لوگوں کے لیے ’مکمل اور جامع تعارف‘ پیش کیا جائے گا جو شیکسپیئر کے ڈراموں سے متعلق کچھ بھی نہیں جانتے۔

اگلے چھ ماہ کے دوران شیکسپیئر کے ڈراموں میں کام کرنے والے معروف اداکاروں کے ساتھ کم دورانیے کی فلموں کی عکس بندی کی جائے گی۔ تاہم اُن اداکاروں کے ناموں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا جو اپنے مکالمے ڈرامے کی مناسبت سے حقیقی مقامات پر فلم بند کرائیں گے۔